عیدپرپیازٹماٹراورآلوکی قیمتوںمیں24فیصدتک اضافہ

23 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 22اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور صرف 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی

16تا23 اگست افراط زرکی شرح ہفتہ وار بنیادوں پر1.16اورسال بہ سال8.5 فیصد بڑھی۔ فوٹو: ایکسپریس

ملک میں عیدالفطر کے دوران مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 1.16فیصد اور سال بہ سال 8.55 فیصد اضافہ ہوا، 16سے 23 اگست کے دوران سبزیوں، گوشت اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا، اس دوران حساس قیمتوں کا اشاریہ (ایس پی آئی) 188.49 کی سطح پر جاپہنچا جو16 اگست کو186.32اور گزشتہ سال کی اسی مدت کو173.64کی سطح پر تھا۔


پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ بوجھ سب سے کم (8ہزار روپے ماہانہ تک)کمانے والوں پر پڑا جس کی شرح 1.29 فیصد رہی تاہم کوئی بھی طبقہ نرخ بڑھنے کے باعث بھاری اضافی بوجھ سے نہ بچ سکا، 8ہزار1 روپے تا12ہزار تک آمدن والے طبقے کی جیب پر1.19 فیصد اور 12ہزار1 روپے تا 18ہزارماہانہ انکم گروپ میں شامل افراد پر1.18 فیصد دبائو پڑا، 18ہزار1 روپے تا35ہزار کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح 1.16 اور سب سے زیادہ (35ہزارسے زائد ماہانہ) کمانے والے گروپ کیلیے افراط زر کی شرح 1.13 فیصد رہی تاہم سالانہ بنیادوں پر ان گروپس کیلیے مہنگائی کی شرح بالترتیب 9.45، 11.43، 11.08، 7.56 اور5.50فیصد رہی۔

پی بی ایس کے مطابق 23 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 22اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور صرف 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 26 اشیائے ضروریہ کے نرخ مستحکم رہے، جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں سب سے زیادہ نرخ پیاز، ٹماٹر اور آلو کے بڑھے، ملک میں پیاز کی اوسط قیمت ہفتہ وار بنیادوں پر 23.92 فیصد کے اضافے سے 44.60روپے کلوگرام، ٹماٹر 20.93 فیصد بڑھ کر 79.97 روپے کلو گرام اور آلو کے نرخ 5.11 فیصد اضافے سے 33.34 روپے کلو گرام ہوگئے جبکہ ڈیزل4.08 فیصد، پٹرول3.42 فیصد، مٹی کا تیل3.10 فیصد، لہسن 2.96 فیصد، زندہ مرغی2.63 فیصد، گندم کا آٹا1.73 فیصد، کپڑے دھونے کا صابن 1.44 فیصد، گندم1فیصد، مٹن0.46 فیصد، انرجی سیور0.40 فیصد، ایل پی جی 0.38 فیصد، ویجیٹیبل گھی (ٹن) 0.33 فیصد، بیف0.22 فیصد، دال ماش0.18 فیصد، دال چنا0.16، انڈے0.14فیصد، اری 6چاول0.08فیصد، چینی0.07 فیصد اور باسمتی ٹوٹا چاول0.06فیصد مہنگا ہوگیا جبکہ کیلے5.14 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی0.89 فیصد، دال مونگ0.1 فیصد،گڑ0.07 فیصد اور ویجیٹیبل گھی(کھلا) کی قیمت میں 0.03 فیصد کمی ہوئی۔
Load Next Story