پی ایس ایل کیلیے سڑکیں اور چوراہے سج گئے شہریوں میں جوش و خروش

اسپورٹس سامان کی دکانوں پرگاہکوں کارش،کاروباری سرگرمیاں بڑھ گئیں،شہری پسندیدہ ٹیموں کی ٹی شرٹس اورکیپس خریدرہے ہیں۔


Kashif Hussain March 07, 2019
اسپورٹس سامان کی دکانوں پرگاہکوں کارش،کاروباری سرگرمیاں بڑھ گئیں،شہری پسندیدہ ٹیموں کی ٹی شرٹس اورکیپس خریدرہے ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ فور کے میچز کے کراچی میں انعقاد کے اعلان کے بعد جہاں کراچی کے شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں کرکٹ میچز سے لطف اندوز ہونے کے لیے تیاریاں بھی عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد سے کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شہر بھر میں سڑکوں اور چوراہوں کو خصوصی طور پر آراستہ کیا جارہا ہے جس کے لیے خیرمقدمی بینرز اور کھلاڑیوں کی قدم آدم تصاویر آویزاں کی جارہی ہیں۔

پی ایس ایل کے میچز کے دن جیسے جیسے قریب آرہے ہیں کھیلوں کا سامان فروخت کرنے والی دکانوں پرگاہکوں کا رش بھی بڑھ رہا ہے جو اپنی پسندیدہ ٹیموں کی رنگ برنگی ٹی شرٹس اور کیپ خرید رہے ہیں، کراچی میں لائٹ ہاؤس، فیڈرل بی ایریا میں کریم آباد کے علاقے میں کھیلوں کے سامان کی بڑی مارکیٹ ہے جہاں رنگ برنگی ٹی شرٹس کی بہار ہے۔

بچوں اور نوجوانوں کے ساتھ بڑی عمر کے شائقین بھی جوش و خروش کے ساتھ میچز دیکھنے کی تیاری کررہے ہیں، شہر میں گارمنٹس کی مارکیٹس صدر، زینب مارکیٹ ، ریکس سینٹر میں بھی کرکٹ ٹیموں کی رنگ برنگی ٹی شرٹس فروخت کی جارہی ہیں، ٹی شرٹس کی ہول سیل ریمبو سینٹر میں جاری ہے جہاں مختلف سائز کی ٹی شرٹس 120سے 180روپے تک کی ہول سیل قیمت پر فروخت ہورہی ہیں۔

دکانداروں کے مطابق لاہور سے بھی بڑی تعداد میں ٹی شرٹس اور دیگر سامان کراچی پہنچادیا گیا ہے جس کی وجہ سے کراچی کی مارکیٹ میں ٹی شرٹس کیپس کی بہتات ہے جو انتہائی کم منافع پر فروخت کی جارہی ہیں۔

شہری برقی ہیٹر سے ٹی شرٹس پرکھلاڑیوںکی تصاویربنوانے لگے

ریمبو سینٹر میں ٹی شرٹس پر اسٹیکرز کی پرنٹنگ کا کام بھی دن رات جاری ہے، برقی ہیٹر سے ٹی شرٹس پر رنگ برنگی پیغامات اور پسندیدہ کھلاڑیوں کی تصاویر بنوائی جارہی ہیں، کاریگروں کا کہنا ہے کہ ٹی شرٹ پر 50روپے میں اپنی پسند کا ڈیزائن پرنٹ کروایا جاسکتا ہے، پی ایس ایل ٹیموں کو اسپانسر کرنے والی کاروباری کمپنیاں بھی اپنی برانڈ اور لوگو پر مشتمل ٹی شرٹس تیار کروارہی ہیں، بچوں کے لیے خصوصی طور پر چھوٹے سائز کی شرٹس تیار کی گئی ہیں۔

ریمبو سینٹر کی دکانوں میں ٹی شرٹس کا وافر اسٹاک موجود ہے دکانداروں کا کہنا ہے کہ تمام میچز کراچی میں ہونے کے فیصلے کے بعد کراچی کے تاجروں کے لیے روزگار کمانے کا بہترین موقع ہاتھ آگیا ہے،پی ایس ایل ٹیموں کی شناخت والی رنگ برنگی کیپس بھی بڑے پیمانے پر فروخت ہورہی ہیں ، کیپس اور ٹی شرٹس کی تیاری مقامی سطح پر کی جارہی ہے جس سے کپڑا فروخت کرنے والوں، سلائی کے کاریگروں، اسکرین پرنٹنگ کرنے والوں کا روزگار چمک اٹھا ہے۔

اہم چوراہے ،سڑکیں اور اسٹیڈیم کا اطراف قمقموں اور پھول دار پودوں سے سجادیا گیا

پی ایس ایل کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر کے اہم چوراہوں، سڑکوں اور اسٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں کو رنگ برنگی قمقموں اور پھول دار پودوں سے سجایا گیا ہے۔

رات کے وقت میلے کا سماں ہے شہریوں کی بڑی تعداد شہر کی رونقوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ سجاوٹ کے مقامات کا رخ کررہے ہیں اور سیلفیاں بنائی جارہی ہیں، شہریوں کے جوش و خروش کی وجہ سے چند روز قبل پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے اثرات مکمل طور پر زائل ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |