رافیل کرپشن کیس میں نریندر مودی کو شامل تفتیش کیا جائے کانگریس

نریندر مودی معاہدے کے بارے میں مکمل آگاہ تھے، اسی لیے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنی چاہیے، راہول گاندھی


ویب ڈیسک March 07, 2019
نریندر مودی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنی چاہیے، راہول گاندھی۔ فوٹو : فائل

کانگریس نے رافیل جیٹ طیارے کے حساس دستاویزات چوری ہونے کے معاملے پر نریندر مودی کو شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔

بھارت کی فرانس سے رافیل جیٹ طیارے خریدنے کے معاہدے کی حساس دستاویزات چوری ہونے کے انکشاف پر اپوزیشن مودی کیلئے درد سربن گئی۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کا کہنا ہے دستاویزات چوری ہونے کے خلاف تحقیقات میں وزیراعظم مودی کو شامل کرنا چاہیے اور مودی کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔

نئی دلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ حساس دستاویزات چوری ہونا کوئی عام بات نہیں، اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے اور اس میں مودی کو بھی شامل کرنا چاہیے، وزیراعظم معاہدے کے بارے میں مکمل آگاہ تھے، اسی لیے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنی چاہیے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بھارت میں رافیل طیاروں کی خریداری سے متعلق دستاویزات بھی چوری

مسلسل ناکامیوں کےباعث حواس باختہ مودی سرکار کا ایک اور کارنامہ گزشتہ روز سامنے آیا جس میں بھارتی اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں رافیل ڈیل کی حساس دستاویزات چوری ہونے کا انکشاف کیا۔

واضح رہے کہ مودی سرکار نے 2016 میں فرانس سے 36 رافیل جیٹ طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا جس میں مودی حکومت پر کریشن کے الزامات لگائے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔