مولانا سمیع الحق قتل کیس میں گرفتار ملزم احمد شاہ کو بری کردیا گیا

گرفتار ملزم سے مولانا سمیع الحق کے قتل سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ملا، تفتیشی ٹیم کا اعتراف

گرفتار ملزم سے مولانا سمیع الحق کے قتل سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ملا، تفتیشی ٹیم کا اعتراف فوٹو: فائل

جمعیت علماء اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق قتل کیس میں گرفتار ملزم احمد شاہ کو بری کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سول جج زیب شہزاد چیمہ نے مولانا سمیع الحق قتل کیس کی سماعت کی تو ملزم احمد شاہ کو بکتر بند گاڑی میں چہرے پر سیاہ کپڑا ڈال کر عدالت پیش کیا گیا جب کہ مولانا سمیع الحق کے بیٹے حامد الحق بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے اعتراف کیا کہ تفتیشی ٹیم کو 8 روزہ ریمانڈ میں گرفتار ملزم سے کوئی ثبوت نہیں ملے، ملزم احمد شاہ نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے کچھ نہیں کیا، بے گناہ ہوں اورالزام غلط ہے جب کہ حامد الحق نے بھی عدالت کے روبرو بیان میں کہا کہ یہ ہمارا ملزم نہیں ہے، بے گناہ کو گھسیٹا نہ جائے، وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم افغانستان سے آئے، واردات کر کے فرارہوگئے تھے۔


یہ بھی پڑھیں: سمیع الحق قتل کیس میں اہم پیش رفت، سیکریٹری کی گرفتاری ظاہر

عدالت نے فریقین کے بیانات سننے کے بعد مولانا سمیع الحق قتل کیس سے ملزم احمد شاہ کو ڈسچارج کر کے کیس سے باعزت بری کردیا۔

واضح رہے مولانا سمیع الحق کو 2 نومبر 2018 کو راولپنڈی میں ان کی رہائش گاہ پر چھریوں کے وار کرکے بے دردی سےقتل کر دیا گیا تھا۔
Load Next Story