2024

بھارت نے کرکٹ پچ کو سیاسی اکھاڑہ بنا دیا

ورلڈکپ میں پاکستان سے میچ کھیلنے کا فیصلہ بھارتی سیاستدان کریں گے، بورڈ نے گیند حکومت کے کورٹ میں ڈال دی


Sports Desk/AFP March 08, 2019
فیصلے کا خود بلوشرٹس کو نقصان ہوگا(ماہرین)اگرسیمی فائنلز یا فائنل میں بھی مقابلہ ہوتو انکار کردینا چاہیے،چیتن شرما۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے کرکٹ پچ کو سیاسی اکھاڑہ بنا دیا جب کہ ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ کھیلنے کا فیصلہ بھارتی سیاستدان کریں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بدستور قائم اور اسی کی وجہ سے ورلڈ کپ میں 16 جون کو روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے پر بھی غیریقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ پلوامہ واقعے کے بعد ہی بھارت میں گرین شرٹس سے میگا ایونٹ کے اہم مقابلے کے بائیکاٹ کا مطالبہ سامنے آیا جس میں ہربھجن سنگھ جیسے سابق کرکٹرز بھی شامل تھے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان کے بائیکاٹ کا معاملہ آئی سی سی کے پلیٹ فورم پر بھی اٹھانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اس میں دم نہ ہونے کی وجہ سے یوٹرن لے لیا گیا، اب اس میچ کے بارے میں فیصلے کیلیے گیند حکومت کے کورٹ میں پھینک دی گئی ہے، اس طرح کرکٹ کا فیصلہ ایک بار پھر سیاستدانوں کو سونپا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے چیئرمین ونود رائے کی جانب سے پہلے ہی واضح کردیا گیا ہے کہ وہ عوام کی رائے کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ جیسا چاہئیں گے ویسا ہی ہوگا، حکومت کو فیصلہ کرنا ہے جیسا وہ کہے گی ہم ویسا ہی کریں گے۔

ویب سائٹ 'کرک انفو' کی سینئر ایڈیٹر شردا اگرا نے کہاکہ اس معاملے میں آئی سی سی کی جانب سے مداخلت کا امکان ہے نہ ہی میں سمجھتی ہوں کہ بھارتی بورڈ کھیلنے سے انکار کرے گا۔

دوسری جانب سابق فاسٹ بولر چیتن شرما نے کہاکہ میرے لیے ملک سب سے اہم ہے، 2 پوائنٹس سے دستبردار ہوجانا چاہیے، جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر سیمی فائنلز یا فائنل میں پاکستان سے مقابلہ ہوا تو کیا کریں؟ اس پر انھوں نے کہا کہہ ملک کیلیے ورلڈ کپ کو بھی قربان کردینا چاہیے۔

ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے سربراہ ونود رائے نے کہاکہ ہم بدستور پاکستان کرکٹ پر انٹرنیشنل پابندی کے خواہاں ہیں، ان کی ہدایت پر اس حوالے سے بھیجی گئی ای میل کو پہلے ہی آئی سی سی مسترد کرچکی ہے، ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ابھی اس میں کچھ وقت باقی ہے، ویسے ہم نے اپنے پلیئرز کی سیکیورٹی پر خدشات ظاہر کیے جنھیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا)کی وارننگ کے حوالے سے ونود رائے نے کہاکہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر سے اس بارے میں تفصیلی بات ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں