نوری آباد صنعتی زون کیلیے واٹرسپلائی لائن کاافتتاح

پانی کی فراہمی سے مزیدصنعتیںلگیںگی

کینجھرتا نوری آباد1ارب 14 کروڑ روپے کی لاگت سے بچھائی گئی پانی کی پائپ لائن کا افتتاح۔ فوٹو: رائٹرز

وزیر صنعت وتجارت سندھ رئوف صدیقی نے کہا کہ اور تاجروں کے ساتھ مل کر پالیسی مرتب کی جائے، ا ن کی جانیں اور مال دائو پر نہ لگائی جائیں، حکومت انہیں تحفظ فراہم کرے۔ کینجھرتا نوری آباد1ارب 14 کروڑ روپے کی لاگت سے بچھائی گئی پانی کی پائپ لائن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سندھ کا مستقبل ٹوٹی چپل بھوکا پیٹ نہیں بلکہ سندھ کا مستقبل خوشحال سندھ ہونا چاہیے، نوری آباد انڈسٹریل زون میں پانی کی فراہمی سے مزید صنعتیں قائم ہوں گی اور سندھ مزید ترقی کرے گا جس سے پاکستان مزید مستحکم ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ نوری آباد کے انڈسٹریل زون میں سب سے پہلے یہاں کے مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا جائیگا، ایسے اقدامات کیے جائیں کہ صنعتکار یہاں صنعتیں قائم کریں، اب کھوکھلے نعروں سے کام نہیں چلے گا لہٰذا خود مل کر پالیسی بنائیں اور اپنے حالات خود بہتر کریں۔ انھوں نے منصوبے میں ذاتی دلچسپی لینے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔


تقریب سے قبل انہوں نے پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا اور بٹن دبا کر پانی کی فراہمی شروع کی۔ کینجھرجھیل تا نوری آبادپانی کی پائپ لائن کا کاغذی منصوبہ 1984 میں شروع کیاگیا تاہم محکمہ آبپاشی کی جانب سے این او سی جاری نہ کیے جانے کے سبب یہ منصوبہ مسلسل التوا کاشکار رہا۔ اس موقع پر معروف صنعت کاروں چیرمین ہلٹن فارما سردار یاسین ملک، صدر بزنس مین انٹیلیکچول فورم میاں زاہد حسین، چیئرمین پی ایس او سہیل وجاہت نے زبر دست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر صنعت و تجارت رئوف صدیقی کی مسلسل کاوشوں اور ذاتی دلچسپی کے باعث محکمہ آبپاشی نے این او سی جاری کی اور یہ منصوبہ ازسرنو شروع کیا گیا جس کے بعد 30 ستمبر2008 کو اس منصوبے کی سمری منظور ہوئی۔

انھوں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت رئوف صدیقی کی کراچی، سندھ اور ملکی صنعت اور تاجروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں قبل لوکل پائپ ڈالنے کا پروگرام تھا جس کی مدت استعمال کچھ عرصے تک ہوتی تاہم ازسرنو منصوبہ شروع کرنے کے بعد اس میں لوکل کے بجائے نئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ایچ ڈی پائپ استعمال کیا گیا، کمپنی کی جانب سے 50سال تک استعمال کی ضمانت فراہم کی گئی ہے جبکہ اس پائپ کی زیادہ سے زیادہ مدت استعمال 500 سال تک ہے، اس منصوبے کے شروع ہونے سے نوری آباد انڈسٹریل زون کو پانی کی فراہمی شروع ہوجائیگی اور صنعتی کارخانوں کا پانی کی عدم فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا، کینجھر جھیل سے نوری آباد کو پانی کی فراہمی کا منصوبپ انتہائی اہم ہے، نوری آباد جیسے اہم ترین صنعتی اسٹیٹ کو پانی کی قلت کی وجہ سے 25 سال سے شدید مشکلات کا سامنا تھا، یہ منصوبہ سندھ کی عوام کیلیے عظیم تحفہ ہے ،5MGD پائپ لائن کا پاکستان میں یہ پہلا منفرد پراجیکٹ ہے جس کا انفرااسٹرکچرمعمولی نوعیت کے زلزلے میں متاثر نہیں ہو گا۔
Load Next Story