جعل سازی میں ملوث پولیس افسر ضمانت منسوخی پر فرار

اے ایس آئی یوسف عبوری ضمانت کی توثیق کیلیے انسداد بدعنوانی کی عدالت پیش ہوا تھا


Staff Reporter August 25, 2012
اے ایس آئی یوسف عبوری ضمانت کی توثیق کیلیے انسداد بدعنوانی کی عدالت پیش ہوا تھا. فوٹو فائل

تھانہ درخشاں میں لاوارث کھڑی گاڑی جعلی دستاویزات کے ذریعے فروخت کرنے کا انکشاف، جعل سازی میں ملوث پولیس افسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر یوسف رضا کی عبوری ضمانت مسترد ہونے کے باوجود پولیس نے گرفتار نہیں کیا، پولیس افسر احاطہ عدالت سے فرار ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو بدعنوانی اور عدالت میں گمراہی رپورٹ داخل کرنے کے الزام میں ملوث تھانہ درخشاںکے ہیڈ محرر اے ایس آئی یوسف رضا اپنے عبوری ضمانت کی توثیق کیلیے انسداد بدعنوانی کی صوبائی عدالت کے انچارج جج حسن فیروز کے روبرو پیش ہوئے، اس موقع پر فاضل عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت منسوخ کردی تاہم ملزم پولیس کی موجودگی میں فرار ہوگیا، استغاثہ کے مطابق تھانہ درخشاں میں دو گاڑیاں ضابطہ فوجداری کی ایکٹ 550 کے تحت لاوارث قرار دیکر بند تھیں، ملزم نے ہیڈ محرر کے ساتھ ساز باز کرکے جعلی دستاویزات بنواکر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ضابطہ فوجداری کی ایکٹ516کے تحت درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ مذکورہ گاڑیاں اس کی ملکیت ہیں۔

پولیس نے لاوارث قرار دیکر بند کردی ہیں اور گاڑیاں اس کے حوالے کرنے کی استدعا کی، فاضل عدالت نے تھانے سے رپورٹ طلب کی، مذکورہ ہیڈ محرر نے ایس ایچ او کو اعتماد میں لیا اور کورٹ محرر افضل کے ذریعے رپورٹ عدالت میں داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدالت مذکورہ مالک کو گاڑیاں دی جائیں تو انھیں کوئی اعتراض نہیں تاہم عدالت نے دوبارہ ایس ایچ او کو تصدیق کے بعد گاڑیاں مالک کو دینے کی ہدایت کی، ایس ایچ او نے بغیر تصدیق کے گاڑیاں ملزم کو دیدیں، بعدازاں گاڑیوں کے اصل مالک تھانے پہنچ گئے، راز فاش ہونے کے خوف سے ایس ایچ او نے ملزم کیخلاف جعلسازی کا مقدمہ درج کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں