خیبرپختونخوا اورقبائلی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی روز کرانے کا فیصلہ

بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے، الیکشن کمیشن

28 اگست کو بلدیاتی ادارے تحلیل ہونے کے بعد 120 روز کے اندر نئے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے فوٹوفائل

خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی روز کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 28 اگست کو بلدیاتی ادارے تحلیل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے 120 روز کے اندر نئے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی بلدیاتی الیکشن کے لیے تیاری پکڑ لی ہے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ قبائلی علاقوں میں حلقہ بندیوں کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے قبائلی علاقوں میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں کے لیے انتخابات رمضان المبارک کے بعد کرائے جارہے ہیں جبکہ بلدیاتی الیکشن بھی کرائے جانے ہیں۔


اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ 30 اپریل تک نئے بلدیاتی ایکٹ منظور کرالیں تاکہ 28 اگست کو بلدیاتی ادارے تحلیل ہونے کے بعد 120 روز میں الیکشن کا انعقاد کیا جاسکے جو الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ قبائلی علاقے چونکہ خیبرپختونخوا کا حصہ ہیں اس لیے خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں میں ایک ہی روز الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن تیار ہے تو ہم بھی قبائلی علاقوں میں بلدیاتی الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ نئے بلدیاتی نظام کے لیے ایکٹ تیار کرلیا گیا ہے جس کی منظوری کے بعد اسے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا الیکشن کمیشن کی جانب سے جو تاریخ دی گئی ہے اس تاریخ تک ایکٹ منظور کرلیا جائے گا۔
Load Next Story