بھارتی میڈیا نے اپنے مگ 21 طیاروں کو اڑتے تابوت قرار دے دیا

مگ-21 طیارے جنگ جیتنے کے لیے نہیں بلکہ سہاگنوں کو ’بیوہ بنانے کی مشین‘ ہیں، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک March 08, 2019
آج بھی ایک مگ-21 بھارتی طیارہ پرندے سے ٹکرا کر زمین بوس ہوگیا (فوٹو : فائل)

بھارت میں مگ 21 طیاروں کے لگاتار زمین بوس ہونے پر میڈیا نے ان طیاروں کو اڑتے ہوئے تابوت قرار دے دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست راجھستان میں ایک مگ 21 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، پائلٹ نے بہ مشکل چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ قبل ازیں پاکستان پر حملہ آور انہی طیاروں کو پاک فضائیہ نے بھی مار گرایا تھا۔

چند دنوں سے جاری کشیدگی میں جہاں بھارت کا جارحیت پسند چہرہ بے نقاب ہوا وہیں بھارتی میڈیا نے ناکارہ اور زائد المیعاد طیاروں کے استعمال پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مگ 21 طیاروں کو اڑتے ہوئے تابوت قرار دے دیا۔

یہ پڑھیں: بھارت کا مگ 21 طیارہ گر کر تباہ
بھارتی میڈیا نے مودی سرکار پر اپنے پائلٹس کی زندگیوں سے کھیلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مگ-21 کو جنگی طیاروں میں وہ حیثیت حاصل ہے جو جدید سہولیات سے لیس لگژری گاڑیوں میں بھارتی ماروتی کی ہے۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں پیش کردہ اعداد و شمار کے تحت دعویٰ کیا کہ مگ-21 طیارے جنگ لڑنے اور فتحیاب ہو کر واپس لوٹنے کے بجائے 'بیوہ بنانے کی مشین' بن گئے ہیں جنہوں نے کئی سہاگنوں کو بیوہ اور بچوں کو یتیم کردیا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال سویت یونین دور کے مگ-21 طیارے اپنی عمر پوری کرچکے ہیں تاہم حکومت فوجی ساز و سامان کی خریداری میں کرپشن کو چھپانے کو کے لیے پرانے طیاروں سے فضائی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی ان طیاروں کی کارکردگی پر سوال اُٹھاتے ہوئے اپنی شکست پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی تھی اور انتخابات میں کامیابی کے لیے جنگ کا ڈرامہ رچانے والے مودی رافیل طیاروں کی دہائی دینے لگے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔