سینٹرل جیل پر حملے کا خدشہ پولیس کی حفاظتی مشق کمانڈوز اور اسنائپر تعینات

ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سیکڑوں پولیس اہلکار،کمانڈوز اور اسنائپرز نے کمر کس لی،اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے جائزہ لیا


Staff Reporter August 05, 2013
رات کے آخری پہر کارروائی سے علاقہ مکین ڈرگئے،صورتحال کا علم ہونے پر سکھ کا سانس لیا، سینٹرل جیل پر حملے کی اطلاعات تھیں، ذرائع۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سینٹرل جیل پر ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس نے حفاظتی انتظامات کی مشق کی ، قریبی عمارتوں پر اسنائپر تعینات کردیے گئے۔

اس موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کے بعد ملک بھر کی طرح کراچی کی سینٹرل جیل میں بھی حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں، اس سلسلے میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پولیس حکام نے سینٹرل جیل پر کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے حفاظتی انتظامات کی مشق کی،مشق میں سیکڑوں پولیس افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔



رات کے آخری پہر اتنی بڑی کارروائی دیکھتے ہوئے علاقہ مکین بھی پریشان ہوگئے اور ان میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم صورتحال کا علم ہونے پر انھوں نے سکھ کا سانس لیا ، جیل کے اندر اور باہر کمانڈوز نے پوزیشن سنبھالیں جبکہ جیل کے قریب رہائشی عمارات پر ماہر نشانہ باز (اسنائپر) تعینات کردیے گئے، تمام تر حفاظتی انتظامات کا اعلیٰ پولیس افسران نے جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل پر حملے کی اطلاعات ہیں تاہم تصدیق نہیں ہوسکی جس کے باعث ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اتنے بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کی مشق کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں