جنسی ہراسانی الزام علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ایک اور درخواست دائر کردی

علی ظفر نے میشا شفیع کے جواب کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی


ویب ڈیسک March 09, 2019
میشا شفیع نے عدالت میں ہتک عزت کے دعوی کے جواب میں جھوٹ بولا، درخواست گزار فوٹوفائل

گلوکار واداکار علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت میں گلوکارعلی ظفر کی میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت ہوئی۔ علی ظفر نے اپنے وکیل رانا انتظار حسین کی وساطت سے میشا شفیع کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں علی ظفر کے وکیل نے استدعا کرتے ہوئے کہا میشا شفیع نے عدالت میں ہتک عزت کے دعویٰ کے جواب میں جھوٹ بولا اور عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، لہٰذا عدالت میشا شفیع کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: علی ظفر معصوم بننے کی کوشش کررہا ہے

واضح رہے کہ میشا شفیع کے خلاف گلوکارعلی ظفر نے پہلے ہی ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہوا ہے جس میں یہ موقف اختیار کیاگیا تھا کہ میشا شفیع کی جانب سے ان پر لگائے جانے والے جنسی ہراسانی کے الزامات درست نہیں ہیں۔ میشا شفیع نے ان پر الزامات سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے لگائے لہٰذا عدالت میشاشفیع کو بے بنیاد الزامات لگانے کے لیے ہرجانہ اداکرنے کا حکم جاری کرے۔

کیس کا پس منظر


گزشتہ برس میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایک بار نہیں کئی بار ہراساں کیا ہے جس کے جواب میں علی ظفر نے میشا شفیع پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے انہیں ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوایاتھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں