نواز شریف کی اہل خانہ سمیت روضہ رسولؐ پر حاضری

ملکی سلامتی و خوشحالی کیلیے گڑگڑا کر دعائیں، چند روز مدینہ میں قیام کرینگے

ملکی سلامتی و خوشحالی کیلیے گڑگڑا کر دعائیں، چند روز مدینہ میں قیام کرینگے۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے اپنے اہلخانہ سمیت اتوار کی رات روضہ رسولؐ پر حاضری دی۔

وزیراعظم جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے تو ہوائی اڈے پر گورنر مدینہ اور اعلیٰ سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ ہوائی اڈے سے سیدھے روضہ رسولؐؐ پر پہنچے اور وہاں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور ملک کو دہشت گردی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانے کیلیے گڑگڑا کر دعائیں کیں۔ وزیراعظم کے ساتھ ان کی والدہ شمیم اختر، اہلیہ کلثوم نواز اور سمدھی و وفاقی وزیر اسحق ڈار، بیٹے حسین نواز کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد سعودی عرب کے نجی دورے پر ہیں۔




اس دورے کے تمام اخراجات وزیراعظم نے خود برداشت کیے ہیں اور وہ خصوصی جہاز میں آنے کی بجائے پی آئی اے کی کمرشل پرواز سے سعودی عرب آئے۔ مسجد نبویؐ میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پاکستانیوں نے وزیراعظم نواز شریف سے اپنی گہری محبت اور وابستگی کا اظہار کیا جس پر وزیراعظم ہاتھ ملاکر ان کا شکریہ ادا کرتے رہے۔ سعودی سیکیورٹی حکام نے وزیراعظم کی آمد کی وجہ سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کررکھے تھے۔نواز شریف چند روز تک مدینہ منورہ میں قیام کرینگے اور ان کی 6 یا 7 اگست کو پاکستان واپسی متوقع ہے۔ مدینہ منورہ میں قیام کے دوران وہ پاکستانیوں سے بھی ملاقات کرینگے۔

Recommended Stories

Load Next Story