کراچی میں پی ایس ایل کرکٹ میلہ

پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کا اگلا مرحلہ ہفتہ سے کراچی میں شروع ہوا جو 17مارچ تک جاری رہے گا۔


Editorial March 10, 2019
پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کا اگلا مرحلہ ہفتہ سے کراچی میں شروع ہوا جو 17مارچ تک جاری رہے گا۔ فوٹو: فائل

کراچی میں پی ایس ایل کرکٹ میلے کا سماں بندھ گیا۔ شائقین کا جوش وخروش عروج پر پہنچ گیا۔کرکٹ بہار نے شہر قائد میں رنگ بکھیردیئے۔

پاکستان میں مقبول غیر ملکی کھلاڑیوں کی کہکشان بھی سجی ہے، پاکستان میں کرکٹ کے میچز ہونے سے اہل کراچی کی خوشیاں دیدنی ہیں، اس بار اہل لاہور نے بھی کراچی کو اپنے ہاں ہونے والے میچز منتقل کرانے میں فراخدلی کا مظاہرہ کیا، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف تزئین وآرائش اور روشنیوں نے اسٹیڈیم کا حسن دوبالا کردیا ہے، بیشتر ٹکٹ فروخت ہوچکے، پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کا اگلا مرحلہ ہفتہ سے کراچی میں شروع ہوا جو 17مارچ تک جاری رہے گا۔

شائقین کرکٹ کے لیے یہ ایونٹ خوشیوں کا سبب بن رہا ہے تاہم سندھ حکومت، شہری انتظامیہ اور ٹریفک پولیس پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ میچز کی طرح سیکیورٹی انتظامات بھی معیاری و مثالی ہونے چاہئیں تاکہ شائقین کرکٹ پی سی ایل کرکٹ جشن سے پوری طرح لطف اندوز ہوسکیں ۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے پارکنگ ایریا کے لیے مختص گراؤنڈز کا معائنہ کیا،قبل ازیں آئی سی سی سیکیورٹی ایکسپرٹ بھی نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرچکے ہیں، صوبائی وزیر نے پارکنگ لاٹ اور اطراف کے علاقوں میں صفائی کے خصوصی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو خصوصی ہدایات دیں۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کی تمام اہم شاہراہوں بالخصوص اسٹیڈیم کی جانب جانے والے راستے پر خصوصی انتظامات کیے جائیں تاکہ شائقین کرکٹ کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

شائقین کو پارکنگ سے اسٹیڈیم تک پہنچانے کے لیے خصوصی شٹل سروس کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ اس ایونٹ کو شائقین کرکٹ کے لیے انتظامات اور سہولتوں کے حوالے سے منفرد بنایا جائے۔ پی سی ایل مقابلوں میں شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دبئی کے بعد کراچی کے نیشنل سٹیدیم میں ان ایکشن دیکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔