کراچی میں پہلا میچ شائقین کی توجہ سے محروم رہا

اسٹیڈیم کے تین انکلوژرز چھت کے بغیر نظرآئے، سخت سیکیورٹی انتظامات


Sports Reporter March 10, 2019
اسٹیڈیم کے تین انکلوژرز چھت کے بغیر نظرآئے، سخت سیکیورٹی انتظامات۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل فور میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈکے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا میچ خلاف توقع تماشائیوں کی توجہ نہیں حاصل کرسکا۔

دو سال سے جاری تزئین وآرائش کے مراحل سے گزرنے والا اسٹیڈیم کا کام ہنوز ادھورا ہے، اسٹیڈیم کے تین انکلوژرز چھت کے بغیر نظرآئے، ایک پریمیئر اور 2فرسٹ کلاس انکلوژرز کے تماشائی کھلے آسمان تلے مقابلے سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

سخت ترین سیکیورٹی کی وجہ سے پہلے میچ میں اسٹیڈیم کے مختلف انکلوژرز میں نصب کی جانے والی لاتعداد نشستیں تماشائیوں کی منتظر رہیں، جنرل انکلوژرز کے اسٹینڈز کی خالی بینچزبھی شائقین کرکٹ کی عدم دلچسپی کی گواہی دے رہی تھیں جب کہ کرکٹ حلقوں کا خیال ہے کہ اگلے میچز میں تماشائیوں کی تعداد میں مزیدکمی ہو جائیگی۔

دوسری جانب پی ایس ایل فورکے سلسلے میں کراچی میں منعقدہ ابتدائی میچ میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، اسٹیڈیم میں تماشائیوں کوقومی شناختی کارڈ دکھائے بغیرداخلے کی اجازت نہیں تھی، ڈیوٹی پرموجود اہلکاروں نے کسی دوسری شناخت کو تسلیم کرنے سے انکارکردیا جس کے سبب لوگوں کو کوفت بھی اٹھانا پڑی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں