دہری شہریت کاحلف نامہ مانگنے پرپی آئی اے ملازمین میں کھلبلی

ادارے کے ملازمین کی بڑی تعداد برطانوی، امریکی، کینیڈین یاآسٹریلوی شہریت کی حامل ہے


فیاض ولانہ August 05, 2013
ادارے کے ملازمین کی بڑی تعداد برطانوی، امریکی، کینیڈین یاآسٹریلوی شہریت کی حامل ہے. فوٹو: فائل

لاہور: دہری شہریت رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے حلف نامہ جمع کرانے کا معاملہ پی آئی اے پہنچا تو ادارے میں کھلبلی مچ گئی کیونکہ پی آئی اے کے افسران میںسے تقریباً 50 فیصد اور دیگر ملازمین میں سے ایک اندازے کے مطابق 30 سے 35 فیصد تک دہری شہریت کے حامل ہیں۔

دہری شہریت کے پی آئی اے کے ملازمین میں سے زیادہ تر برطانوی ، امریکی، کینیڈین یا آسٹریلوی شہریت کے حامل ہیں، تمام پی آئی اے ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ 15 اگست تک اپنے ڈپارٹمنٹل ہیڈ کے ذریعے ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کو اپنے لازمی جواب سے آگاہ کریں، سرکاری حکم نامے کے ساتھ نمونے کے طور پر ایک لیٹر بھی فراہم کیا گیا ہے، جس میں 3 ممکنات درج ہیں ، پہلے امکان میں لکھا گیا ہے کہ میَں پاکستان کیساتھ ساتھ فلاں دوسرے ملک کی دہری شہریت کا حامل ہوں۔



یہ شہریت میَں نے فلاں تاریخ کو حاصل کی، دوسرے امکان میں لکھا گیا ہے کہ میَں پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے ملک کی شہریت کا حامل نہیں ہوں، تیسرے امکان میں لکھا گیا ہے کہ میَں نے پاکستان کیساتھ ساتھ فلاں دوسرے ملک کی شہریت کیلیے درخواست دے رکھی ہے اور میرا دہری شہریت کے حصول کامعاملہ فلاں تاریخ سے فلاں ملک کی وزارت امیگریشن اینڈ سٹیزن شپ کے پاس زیر غور ہے۔ 15 اگست 2013ء تک دہری شہریت کے حوالے سے اپنے لازمی جواب سے آگاہ نہ کرنیوالے پی آئی اے افسران اور ملازمین کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں