بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر ضلع پلوامہ میں شہید کیا گیا


ویب ڈیسک March 10, 2019
بھارتی فوج نے کشمیری نوجوانوں کو ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ شہید ہونے والے نوجوان یونیورسٹی کے طالب علم تھے اور تعطیلات منانے اپنے گھر آئے تھے۔

نوجوانوں کی شہادت پر ضلع بھر کے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور شہری احتجاج کرتے ہوئے اپنے گھروں سے نکل آئے، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فوج نے پرانے ہتھکنڈے اپناتے ہوئے بے دریغ ہوائی فائرنگ آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

دوسری جانب نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کو فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں تفتیش کیلئے کل نئی دہلی طلب کیا ہے، ایجنسی نے معمر حریت رہنماعلی گیلانی کے صاحبزادے ڈاکٹر نسیم گیلانی کو بھی طلب کیا ہے، جس پر آج سری نگر میں احتجاجاً شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

ادھر مقبوضہ کشمیر سے شائع ہونے والے موقر اخبارات نے بھارتی جارحیت اور آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹنے پر صفحہ اول کو خالی چھوڑ کر صدائے احتجاج بلند کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں