چوہدری محمد سرور نے گورنر پنجاب کا حلف اٹھالیا

35 سال تک برطانیہ میں رہا اور رکن پارلیمینٹ بنا لیکن میرا سب کچھ پاکستان کے لئے ہے، چوہدری سرور

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے چوہدری محمد سرور سے گورنرپنجاب کا حلف لیا۔ فوٹو : اے پی پی

چوہدری محمد سرور نے پنجاب کے 35 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس لاہور میں ہوئی، جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے چوہدری محمد سرور سے گورنرپنجاب کا حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی و صوبائی وزرا، اعلیٰ عدلیہ کے ججز، بیورو کریٹس اور گورنر پنجاب عزیز و اقارب کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گور نرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وہ 35 سال تک برطانیہ میں رہے اور پارلیمینٹ کے رکن بنے لیکن ان کا سب کچھ پاکستان کے لئے ہے اور وطن عزیز کی ترقی کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور آج سے گورنر ہاؤس پنجاب کے عوام کی ملکیت ہے۔


گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان آج بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے جن میں غربت، بے روزگاری، تعلیم، صحت، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے مسائل سرفہرست ہیں لیکن ہمیں اس کا حل نکالنا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس میں کامیابی پاکستانی عوام کی ہوگی، وہ بطور گورنر ملک کی بہتری کیلئے اپنا عملی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے تعلیمی ایمرجنسی لگانے کی ضرورت ہے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ وہ پاکستان کے بارے دنیا میں پھیلے منفی تاثر کو ختم کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کریں گے اور بین الاقوامی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان لائیں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، شہبازشریف صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، جہاں بطور گورنر انہیں مشورے کی ضرورت ہو گی تو وہ ضرور مشاورت کریں گے اور اگر وزیر اعلیٰ کو مشورے کی ضرورت ہوگی تو مخلصانہ مشورہ دیں گے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی ناکامی کے بعد گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے اپنےعہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد گورنر پنجاب رانا اقبال قائم مقام گورنر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔
Load Next Story