معروف بلڈر کے بھائی نے دوسرے بھائی اور اہلیہ پر فائرنگ کرکے خودکشی کرلی

ایک بھائی نے دوسرے بھائی اور اس کی اہلیہ پر فائرنگ کے بعد خودکشی کی


Staff Reporter March 11, 2019
ایک بھائی نے دوسرے بھائی اور اس کی اہلیہ پر فائرنگ کے بعد خودکشی کی (فوٹو: فائل)

لاہور: پی ای سی ایچ ایس میں گھر کے اندر فائرنگ سے دو سگے بھائی ہلاک جبکہ خاتون زخمی ہوگئی، پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے معروف بلڈر حنیف گوہر کے بھائی ہیں، ایک بھائی نے دوسرے بھائی اور اس کی اہلیہ پر فائرنگ کے بعد خودکشی کی۔

ایکسپریس کے مطابق اتوار کی رات ٹیپو سلطان کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں واقع ایک گھر کے اندر فائرنگ ہوئی جس سے دو افراد ہلاک جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں، ہلاک اور زخمی افراد کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے۔

مرنے والوں کی شناخت 40 سالہ حامد ولد گوہر رحمن اور 50 سالہ خالد ولد گوہر رحمن کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی خاتون 40 سالہ انیقہ حامد کی اہلیہ ہے۔ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ جائیداد کے تنازع پر پیش آیا۔

جائے وقوع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی طاہر نورانی نے بتایا کہ مذکورہ گھر معروف بلڈر حنیف گوہر کا ہے اور مرنے والے ان کے بھائی ہیں، مرنے والوں میں شامل خالد تین برس قبل اس مکان سے شفٹ ہوگیا تھا اور پی ای سی ایچ ایس میں ہی علیحدہ رہائش اختیار کرلی تھی، جس پستول سے فائرنگ ہوئی ہے وہ خالد لے کر آیا تھا، خالد نے پہلے اپنے بھائی حامد اور اس کی اہلیہ انیقہ پر فائرنگ کی جس کے بعد اس نے خودکشی کرلی۔

پولیس نے جائے وقوع سے پستول قبضے میں لے لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ جائیداد کا تنازع ہے، زخمی خاتون ابھی بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں، ان کا بیان لینے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوجائے گی ، اہل خانہ نے بھی ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ خاندانی تنازعات ہی بتائے ہیں تاہم باقاعدہ طور پر ان کے بھی بیانات قلمبند کیے جائیں گے، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمیں جمالی نے ایکسپریس کو بتایا کہ انیقہ کے بازو اور پیٹ پر گولیاں لگی ہیں، پیٹ میں لگنے والی گولی کے باعث انیقہ کی حالت تشویش ناک ہے اور اس کا آپریشن کیا جارہا ہے ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں