ٹوبہ ٹیک سنگھ شالیمار ایکسپریس میں دھماکا3افراد جاں بحق 20 سے زائد زخمی

دو روز قبل بھتہ خوروں نے افغانستان سے کال کرکے کانٹریکٹر کو اغوا اور سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی، سعد رفیق


ویب ڈیسک August 05, 2013
دھماکا بوگی کے واش روم میں ہوا جس میں 8سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، فوٹو: فائل

لاہور: لاہور سے کراچی آنے والی شالیمار ایکسپریس میں دھماکے کے نتیجے میں 3 جاں بحق اور 20سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سے کراچی جا نے والی شالیمار ایکسپریس ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 18 کلومیٹر دور چٹیانہ کے مقام پر پہنچی تو اس کی اکانومی کلاس کی بوگی نمبر 7 میں دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے زخمیوں میں سے 6 افراد کی حالت انتہائی نازک بتائی جارہی ہے۔ لاہور ریلوے پولیس کا کہنا ہے کراچی روانگی کے مطابق ٹرین کی مکمل چیکنگ کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دھماکا بوگی کے واش روم میں ہوا جس میں 8سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، جس بوگی کو نشانہ بنایا گیا اس میں 60 مسافر سوار تھے۔ شالیمارایکسپریس نجی آپریٹر چلارہے ہیں اس لئے اس کی سیکیورٹی بھی نجی کمپنی کے ذمہ ہیں، واقعے سے قبل ریلوے حکام کو کسی بھی قسم کی کوئی دھمکی موصول نہیں ہوئی تاہم دو روز قبل بھتہ خوروں نے افغانستان سے کال کرکے کانٹریکٹر کو اغوا اور سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی جس کی اطلاع وفاقی تحقیقیاتی ادارے آئی بی کو بھجوائی گئی تھیں۔ واقعے کے بعد ٹرین سے متاثرہ بوگی کو ہٹا کر اسے منزل کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹرین دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین علاج معالجے جبکہ جاں بحق اور زخمیوں کے ورثا کے لئے مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |