نیب احتساب نہیں سیاسی انتقام کا ادارہ بن چکا فضل الرحمن

سی پیک منصو بہ ایک سال کیلیے معطل کردیا گیا، حکومت نے ہمارا میڈیا بلیک آؤٹ کیا ہوا ہے

نوازشریف کو علاج کی سہولت نہ دینا حکومتی انتقام ہے،وفودسے گفتگو ،ملتان میں پریس کانفرنس فوٹو:فائل

جے یو آئی (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نیب احتساب نہیںسیاسی انتقام کا ادارہ بن چکاہے، سی پیک منصوبہ ایک سال کے لیے معطل کردیا گیا ہے اوراس منصوبے کے 27 ارب روپے میں سے 24 ارب روپے دیگر تر قیاتی کامو ں پر خرچ کرکے دن دہاڑے ڈا کہ ڈا لا گیا۔

اپنی رہائش گاہ پر وفود سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ حکومت خود پر تنقید برداشت نہیں کرتی ملک میں 90 فیصد دہشت گردی ختم کرنے کا حکومتی دعویٰ بچکانہ ہے۔ نیب احتساب کا نہیں بلکہ سیاسی انتقام کاادارہ بن چکا ہے ۔ عوام کا اب حکومت پر اعتماد نہیں رہا۔ ملک کے اندر کوئی سرمایہ کار کاروبار کرنے کیلیے تیار نہیں۔ بھارتی پائلٹ کی عجلت میں واپسی نے پاکستان کی فتح کو شکست میں تبدیل کردیا جب عالمی سطح پر پاکستان اور بھارت کی جنگ ڈیکلیئر ہی نہیں ہوئی تو جنیوا کنونشن کے تحت قیدیوں کی واپسی کی پابندی پاکستان پر لاگو ہی نہیں ہوتی۔


ہم نے ملک کا دفاع کیا ہے اور بیرونی حملہ آور کے مقابلے میں ایک ہوئے ہیں لیکن حکومت کے منہ پھٹ وزراکی وجہ سے ہمارا اتفاق بھی ختم ہوتا جارہاہے۔ اس وقت ہماری جماعت کے حوالے سے حکومت نے میڈیا بلیک آؤٹ کیا ہوا ہے ہمارے ملین مارچ کو پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں دکھانے اور شائع کرنے سے روک دیا گیا۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہناتھاکہ نوازشریف کو علاج کی سہولت نہ دینا حکومتی انتقام ہے۔

ملک کو نظریاتی طور پر تقسیم کیا جارہاہے، ناموس رسالت کے حوالے سے حکومتی ایوانوں سے غلط باتیں سامنے آرہی ہیں، آج ملک میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اقتصادی لحاظ سے ملک دیوالیہ ہوچکا ہے، خواتین کے عالمی دن کے نام پر جس تہذیب کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں۔ نوازشریف یا زرداری پائلٹ کو رہا کرتے تو مودی سے یاری کے الزام لگائے جاتے۔
Load Next Story