سوات ایکسپریس وے یکم مئی سے کھولنے کیلیے تعمیراتی کام تیز

2 کلومیٹر طویل 2 سرنگوں کی تعمیر بھی مکمل، تخمینہ لاگت 43 ارب، 6 انٹرچینج بنائے گئے ہیں


Numainda Express March 11, 2019
سوات ایکسپریس وے کے مناظر، ایکسپریس وے کو جدید معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے جبکہ سرنگوں کے اندر لائٹنگ اوردیگر امور انجام دیے جارہے ہیں

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے 81 کلومیٹرطویل سوا ت ایکسپریس وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے یکم مئی سے کھولنے کی ڈیڈ لائن کے بعد اس پر تعمیراتی اورفنشنگ کا کام تیز کردیاگیاجبکہ ایکسپریس وے کے راستے میں دونوں سرنگوں کو بھی تیار کرلیا گیا۔

سوات ایکسپریس وے کے تعمیراتی کام کا آغاز سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے 2016 ء میں کیاتھااورمذکورہ تقریب میں موجودہ وزیر اعظم عمرانخان بھی شریک ہوئے تھے جبکہ اقتدار سے رخصت ہونے سے قبل اس کے پہلے انٹرچینج تک ٹریفک کی آمدورفت کا افتتاح بھی انہوں نے کیا تاہم مزکورہ ایکسپریس وے ماہ دسمبر تک مکمل نہیں کیا جاسکا ،موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے گزشتہ دنوں اس سلسلے میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے سوات ایکسپریس وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے یکم مئی سے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے مقرر کی گئی مذکورہ ڈیڈ لائن کے تحت سوات ایکسپریس وے کے بقایا تعمیراتی اور فنشنگ کا کام تیز کردیاگیاہے ،اس ضمن میں ایکسپریس وے میں دونوں سرنگ بھی تیار کرلیے گئے ہیں جن میں لائٹنگ اور دیگر کام کیاجارہاہے۔سوات ایکسپریس وے کا آغاز ایم ون پشاور- اسلام موٹروے پر کرنل شیرخان انٹرچینج سے ہوتاہے جبکہ اختتام چکدرہ پر ہو گا،چارلین موٹر وے پر6 انٹرچینج بنائے گئے ہیں جو چکدرہ ،پلائی،کاٹلنگ،بخشالی،اسماعیلہ اوردھوبیان کے مقامات پر ہیں ،واضح رہے کہ سوات ایکسپریس وے منصوبے کا مجموعی تخمینہ لاگت 43 ارب روپے ہے جس میں دورویہ دو کلومیٹر طویل دوسرنگوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں