دور افتادہ علاقوں میں ایک ہزار نئے یوٹیلٹی اسٹور کھولے جائینگے وزراعظم

ذرائع ابلاغ مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کی نشاندہی کریں،راجا پرویز سے چوہدری برادران،رحمن ملک ،حفیظ شیخ کی ملاقاتیں


Numainda Express August 25, 2012
ذرائع ابلاغ مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کی نشاندہی کریں،راجا پرویز سے چوہدری برادران،رحمن ملک ،حفیظ شیخ کی ملاقاتیں، فوٹو : اے ایف پی ۔ فائل

وزیراعظم راجاپرویز اشرف نے کہا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیالوگوں کو دہلیز پر مناسب داموں فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے، ملک کے دورافتادہ علاقوں میں ایک ہزار نئے یوٹیلٹی اسٹورز کھولے جائیںگے، اس سلسلے میں وزارت صنعت کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات مسلم لیگ (ق) کے صدرچوہدری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

پرویزالٰہی نے انھیں بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کی تعداد میں اضافے کو یقینی بنانے کیلیے وزارت صنعت تیزی سے کام کررہی ہے اور یوٹیلٹی اسٹورز کا دائرہ کار یونین کونسل تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے چوہدری پرویزالٰہی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے، ذرائع ابلاغ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کا باعث بننے والے عناصر کی نشاندہی کریں۔

چوہدری شجاعت حسین نے عیدالفطر کے موقع پر امن وامان قائم رکھنے پر حکومتی کوششوں کو سراہا، دریں اثنا وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے اسلام آباد میں فلیٹس کی تعمیرکے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، منصوبے کے تحت سیکٹر ای الیون میںمیں ساڑھے تین ہزار سے پانچ ہزارکے قریب فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے، ریلوے کی ملکیتی 50ایکڑاراضی پر 28ارب روپے کی مالیت سے یہ منصوبہ مکمل کیاجائے گا،وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کیلیے رہائش گاہوں کی قلت سے بخوبی آگاہ ہے ، فلیٹس کی تعمیر کے منصوبے کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کیاجائے گا ۔

وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ ریلوے کو اراضی کا معاوضہ دیاجائے تاکہ یہ منصوبہ جلد مکمل کیاجاسکے، وزیراعظم نے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلیے ہائوسنگ ، سی ڈی اے ،ریلوے اور وزارت خزانہ کے حکام پر مشتمل ٹاسک فورس قائم کردی ہے، اس موقع پر وفاقی وزیرہائوسنگ سردار طالب نکئی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم سے وفاقی وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے الگ ملاقات بھی کی اور انھیں ترقیاتی فنڈز کے اجرا اور معاشی استحکام کیلیے وزارت خزانہ کے اقدامات پر بریفنگ دی ، وزیراعظم سے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سلیم ایچ مانڈوی والا نے بھی ملاقات کی اور بورڈ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جو آئندہ ماہ متوقع ہے، وزیراعظم نے دعوت قبول کرلی ، ایک ٹی وی کے مطابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک بھی ملے ، وزیراعظم نے انہیں ہدایت کی کہ موبائل فون سم کا غلط استعمال روکا جائے لیکن صارفین کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں