حسینیت انسانیت اورلبرل ازم کا نام ہےالطاف حسین

جعفریہ الائنس کے وفدسے گفتگو،علمااوررہنمائوں نے جراتمندانہ بیانات پرخراج تحسین پیش کیا


Express Desk August 25, 2012
جعفریہ الائنس کے وفدسے گفتگو،علمااوررہنمائوں نے جراتمندانہ بیانات پرخراج تحسین پیش کیا، فوٹو : فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ حسینیت ایک دوسرے کو برداشت کرنے،انسانیت سے پیارکرنے، انسانیت اورلبرل ازم کانام ہے میںاسی راستے پر چل رہاہوں اوراگراس راستے میں میری جان بھی چلی جائے تومیں سمجھوں گاکہ میں نے اپنے نام کے ساتھ لگے ہوئے لفظ حسین کاحق اداکردیا ہے۔

انھوں نے یہ بات جمعے کونائن زیروپرجعفریہ الائنس کے وفد سے فون پرگفتگوکرتے ہوئے کہی،وفدکی سربراہی جعفریہ الائنس کے سربراہ اور ممتاز عالم دین علامہ عباس کمیلی کررہے تھے۔ وفدمیں علامہ فرقان حیدرعابدی، علامہ حسین مسعودی،اکرام حسین ترمذی اور دیگر علماء شریک تھے۔وفدمیں شامل رہنماؤں اور علمائے کرام نے فرقہ وارانہ قتل کے واقعات اورقوم کوحقائق سے آگاہ کرنے کے بارے میں جراتمندانہ اور حقیقت پسندانہ بیانات پرالطاف حسین کو خراج تحسین پیش کیااوران کاشکریہ اداکیا۔

الطاف حسین نے کہاکہ میری جدوجہدعوام کوتقسیم کرنے کی نہیں بلکہ عوام کو جوڑنے کی ہے،اسی لیے میں نے روزاول سے ہی شیعہ سنی اتحادکیلیے کوششیں کیں تاکہ لوگ فقہ اور مسلک کی بنیادپر ایک دوسرے کوقتل نہ کریں،آپس میںایک دوسرے سے نفرت نہ کریںاورمعاشرے سے فرقہ واریت اورتعصب کاخاتمہ ہو۔الطاف حسین نے کہاکہ ہرانسان جس گھرمیں پیداہوتاہے وہ وہی مذہب، فقہ یامسلک اختیارکرتا ہے جواس کے گھروالوں کا ہوتا ہے ، لہٰذا اگر کوئی ہندو ، عیسائی، سکھ یاکسی اورمذہب کاماننے والاہے تواس میں اس کاکوئی قصورنہیں،اسی طرح اگرکوئی سنی ہے یاشیعہ ہے یاکسی بھی فقہ یا مسلک کاماننے والاہے تو اس میں اس کاکوئی قصورنہیں لہٰذاکسی مذہب، فقہ ،مسلک یاعقیدے سے تعلق ہونے کی بنیاد پر کسی انسان کوقتل کرناسراسرظلم ہے اور میں اس ظلم کے خلاف ہوں۔

انھوں نے مزیدکہاکہ ایک انسان کاقتل پوری انسانیت کاقتل ہے اورمیں انسانیت کے قتل کے خلاف ہوں ، میں کسی مذہب، فقہ، مسلک یا عقیدے کے خلاف نہیں۔میں سب کااحترام کرتاہوں اورمیری جدوجہدبھی یہی ہے کہ سب ایک دوسرے کااحترام کریں، ایک دوسرے کوبرداشت کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں