کام کے دوران سوشل ویب سائٹس کو بلاک کرنے والی مفید ایپس

سوشل میڈیا کے جہاں بے شمار فائدے ہیں تو دوسری طرف اس کے کچھ نقصانات...


بابر علی August 05, 2013
فوٹو : فائل

سوشل میڈیا کے جہاں بے شمار فائدے ہیں تو دوسری طرف اس کے کچھ نقصانات بھی ہیں، جن میں وقت کا زیاں سر فہرست ہے۔

زیادہ تر یہی ہوتا ہے کہ آپ کمپیوٹر آن کرتے ہیں کام کرنے کے لیے، لیکن فیس بک، ٹوئٹر یا کسی دوسری سوشل میڈیا کی سائٹ پر اتنے مصروف ہوجاتے ہیں کہ وقت گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوتا اور وہ کام ادھورا رہ جاتا ہے جس کے لیے آپ نے کمپیوٹر آن کیا ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ انٹرنیٹ پر وقت بچانے اور ان سوشل ویب سائٹس کی یلغار روکنے کے لیے مختلف ایپس (ایپلی کیشن) استعمال کرتے ہیں۔ اور اگر آپ خود کو سوشل میڈیا کے سحر میں جکڑنے سے نہیں روک سکتے تو آپ انٹرنیٹ سے ''سیلف کنٹرول'' یا فریڈم ایپس فری ڈائون لوڈ کریں اور اپنا قیمتی وقت بچائیں۔سیلف کنٹرول ایک ایسی فری میک ایپلی کیشن ہے جو مخصوص ویب سائٹس کو چوبیس گھنٹے تک کے لیے بلاک کر دیتی ہے۔

اس ایپلی کیشن کے ڈیولپر چارلی اسٹگلر نے اس سافٹ ویئر کو اس طرح ڈیزائن کیا ہے کہ اگر استعمال کنندہ اپنے کمپیوٹر کو ری اسٹارٹ کرے یا اپنی ہارڈ ڈرائیو سے ڈیلیٹ بھی کردے، تب بھی ویب سائٹس اپنے مخصوص وقت تک بلاک ہی رہیں گی۔ اس حوالے سے چارلس کا کہنا ہے کہ '' یہ ایسی ایپلی کیشن ہے جسے کام کرنے سے روکنا لوگوں کے لیے بہت دور کی بات ہے۔''



دوسری مقبول ایپلی کیشن ''فریڈم'' ہے۔ یہ ایپلی کیشن سیلف کنٹرول سے چار ہاتھ آگے ہے اور استعمال کنندہ کو کسی بھی صورت انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہونے دیتی۔ اس ایپس کے خالق فریڈ اسٹٹ مین کا کہنا ہے کہ مجھے انٹرنیٹ بلاک کرنے والی ایپلی کیشن بنانے کا خیال 2008 میں اس وقت آیا جب ایک کافی شاپ میں، جہاں میں اکثر بیٹھ کر اپنا کام کرتا تھا، نے اپنے گاہکوں کو فری وائی فائی کی سہولت مہیا کردی۔ لیکن ایک دن جب انٹرنیٹ بند تھا تب مجھے احساس ہوا کہ میں انٹرنیٹ کی وجہ سے اپنا زیادہ وقت تو فیس بک چیک کرنے میں لگا دیتا ہوں۔

فریڈ کا کہنا ہے کہ فیس بک اور ٹوئٹر جیسی سوشل میڈ یا کی سائٹس لوگوں کی توجہ ان کے کام پر سے ہٹا دیتی ہیں اور بہت ہی موثر طریقے سے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالیتی ہیں اسی لیے میں انہیں ''ڈسٹرکشن آن اسٹیرائیڈز'' (توجہ ہٹانے والا نشہ) کہتا ہوں۔گرچہ اس کام کے لیے کی جانے والی کوششیں کافی ہیں، لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا پر وقت صرف کرنے والے صارفین کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ امریکی ریسرچ فرم ''نیلسن''کے2011 میں ہونے والے سروے کے مطابق انٹر نیٹ پر کام کے دوران امریکی ہر پانچ میں سے ایک منٹ سوشل میڈیا سائٹس پر صرف کرتے تھے۔ لیکن اب امریکی ہر ساڑھے چار منٹ میں سے ایک منٹ سوشل میڈیا پر ضائع کر رہے ہیں۔

٭یہ ایپس شعور اجاگر کرتی ہیں
سیلف کنٹرول کے بانی اسٹیو لیمبرٹ کا کہنا ہے کہ سوشل سائٹس پر سے توجہ ہٹانے والی ایپلی کیشنز کی صلاحیت یہ ہے کہ وہ استعمال کنندہ کے اپنے طرز عمل کے بارے میں شعور اجاگر کرتی ہیں۔ یہ بات اس طرح سمجھ لیں کہ ''آپ پریشان ہو رہے ہیں اور آپ کو پتا ہے کہ آپ پریشان ہورہے ہیں، یا پھر آپ پریشان تو ہورہے ہیں لیکن آپ کو اس بات کا احساس نہیں ہے۔''

لیمبرٹ کا کہنا ہے کہ اس ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے میں نے دیکھا کہ نادانستہ طور پر میں کتنی بار ان بلاک سائٹس پر گیا ہوں اس سے مجھے اپنے کام کے طریقۂ کار کے بارے میں مزید آگاہی ہوئی اور سیلف کنٹرول نے مجھے کام کرنے کے مختلف طریقے اپنانے کی عادت ڈال دی ہے۔اسٹگلر اور اسٹٹ مین کے مطابق ان ایپلی کیشنز کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اور ہر سال ان ایپس کو ڈائون لوڈ اور خریدنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

''سیلف کنٹرول'' ایپس اب تک پندرہ لاکھ سے زاید مرتبہ ڈائون لوڈ ہوچکی ہے، جب کہ ''فریڈم'' کو اب تک پانچ لاکھ سے زاید لوگ استعمال کرچکے ہیں۔اسٹٹ مین کا کہنا ہے کہ اگر یہ اعداد و شمار ان ایپس کی افادیت ثابت نہ کرتے ہوں تو استعمال کنندہ کے فیڈ بیک سے پتا چل جائے گا کہ یہ ایپلی کیشن کتنی مقبول ہیں۔ اور کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں ہے جس دن ہمیں کم از کم پانچ ای میلز نہ ملیں جس میں لوگ کہتے ہیں کہ ''آپ نے میری زندگی بچالی'' اور ہمارے مداحوں میں مشہور مصنف زیڈی اسمتھ بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنے نئے ناول میں سیلف کنٹرول اور فریڈم دونوں کا شکریہ ادا کیا ہے جن کی وجہ سے ان کا ناول مقررہ مدت میں مکمل ہوگیا۔

٭فریڈم ایپس پرسنالائز کریں
لوگوں میں فریڈم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا کے پروفیسر اسٹٹ مین نے ایک سال کی رخصت لے لی ہے اور اب اپنا سارا وقت اس ایپس کو مزید بہتر بنانے میں صرف کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ میرا اگلا قدم ایسی ''اینٹی ڈسٹریکشن '' ایپس ہے جو انٹرنیٹ بند کیے بنا استعمال کنندہ کو اس کی توجہ مبذول ہونے سے قبل ہی روک دے گی۔ اور کام کی استعداد کار متاثر ہونے پر انتباہ بھی کرے گی۔ فریڈم کا یہ نیا ورژن یوزر کے انٹرنیٹ استعمال کرنے کے معمول کو ٹریک کرے گا۔ اور انہیں سوشل میڈیا سائٹس پر وقت ضایع کرنے پر دوبارہ کام کی طرف لائے گا۔ یہ ایپلی کیشن پرسنلائز ہوگی جس میں صارف اپنے کام کے طریقۂ کار کے لحاظ سے پروفائل بنانے اور یہ بات جاننے کا اہل ہوگا کہ کس سائٹ پر یوزر کے کتنے وقت کا زیاں ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |