پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں ملکی فنکار ہی پرفارم کریں گے

جنون گروپ کو ایک بار پھر پرفارم کرنے کی دعوت دی گئی ہے


Saleem Khaliq March 11, 2019
جنون گروپ کو ایک بار پھر پرفارم کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ فور کی اختتامی تقریب کو چار چاند لگانے کے لئے ملکی فنکار ہی پرفارم کریں گے۔

اتوار 17 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل فائنل سے قبل اختتامی تقریب سجائی جائے گی، اس کا آغاز شام 6 بجے ہوگا، ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی تقریب میں کسی غیرملکی فنکار کو مدعو نہیں کر رہا جب کہ جنون گروپ کو ایک بار پھر پرفارم کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

اس سے قبل دبئی میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں بھی اس نے ''جذبہ جنون'' سمیت اپنے مشہور گانوں سے ماحول گرما دیا تھا، اس بار معروف گلوکار ابرار الحق بھی پرفارم کریں گے، افتتاحی تقریب کی طرح آئمہ بیگ ایک بار پھر فن کا اظہارکرنے کیلیے موجود ہوں گی، فائنل کے موقع پر آتشبازی کا اہتمام کیا جائے گا۔اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم رنگ و روشنی میں نہا جائے گا، تقریب میں کئی اہم شخصیات کی آمد متوقع ہے۔

دوسری جانب پی سی بی ذرائع کے مطابق غیرملکی فنکاروں کو اختتامی تقریب میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کر لیا گیا تھا، ایسا نہیں ہے کہ کسی کو دعوت دی اور اس نے کراچی آنے سے انکار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ افتتاحی تقریب کیلیے بھاری معاوضے پر امریکی ریپر پٹ پل کو بلایا گیا تھا مگر انھوں نے آخری لمحات میں جہاز خراب ہونے کا جواز دے کر دبئی آنے سے معذرت کر لی تھی۔ بورڈ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے کیلیے غیرملکی فنکاروں کو بلانا ضروری ہے، البتہ اب اس حوالے سے شاید پالیسی تبدیل کرلی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں