کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بد ترین مندی390پوائنٹس گر گئے

منافع کے لیے فروخت پر دباؤ ، 57 لاکھ10 ہزار979 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کے اثرات زائل، انڈیکس 22701پوائنٹس۔۔۔

356 کمپنیوں میں سے257 کے دام کم،74میں اضافہ،انویسٹرزکے 71 ارب5 کروڑڈوب گئے،کاروباری حجم 16.50 فیصد زائد،23 کروڑ23 لاکھ حصص کا لین دین فوٹو: فائل

KARACHI:
کراچی اسٹاک ایکس چینج میں عیدالفطر کی طویل تعطیلات سے قبل پرافٹ ٹیکنگ اور انسٹیٹیوشنز کی حصص کی فروخت پر رحجان غالب ہونے سے پیر کو مندی کی بڑی لہر رونما ہوئی ۔

جس سے انڈیکس کی23000 کی نفسیاتی حد گرگئی، مندی کے سبب72.19 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے71 ارب5 کروڑ78 لاکھ8 ہزار205 روپے ڈوب گئے، ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا ہے کہ عیدتعطیلات سے قبل کے کاروباری سیشنز میں بھی مزید مندی یا پھر ملا جلا رحجان غالب رہے گا، پیر کو کاروبار کے آغاز سے ہی حصص کی آف لوڈنگ کی شدت رہی جس سے ایک موقع پر790 پوائنٹس کی ریکارڈ مندی کے نتیجے میں انڈیکس 22300 کی حد تک گرگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتامی لمحات میں مخصوص شعبوں میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری رحجان نے مندی کی شدت میں کمی کی۔




ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، این بی ایف سیز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر57 لاکھ10 ہزار979 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی لیکن اس خطیرسرمایہ کاری کے باوجود مارکیٹ میں تیزی رونما نہ ہوسکی کیونکہ کاروباری دورانیے میں بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے25 لاکھ74 ہزار203 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے4 لاکھ67 ہزار11 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے26 لاکھ69 ہزار765 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جو کاروبارمیں مندی کا سبب بنا نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 390.94 پوائنٹس کی کمی سے22701.30 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس295.94 پوائنٹس کی کمی سے 17646.90 اور کے ایم آئی30 انڈیکس624.88 پوائنٹس کی کمی سے39876.83 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت16.50 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 23 کروڑ23 لاکھ40 ہزار10 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار356 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں74 کے بھاؤ میں اضافہ 257 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھاؤ95.99 روپے بڑھ کر 2017.49 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ 49.95 روپے بڑھ کر1048.95 روپے ہوگئے جبکہ نیسلے پاکستان کے بھاؤ15.50 روپے کم ہوکر 6374.50 روپے اور ایبٹ لیبارٹریز کے بھاؤ 15.20 روپے کم ہوکر396.29 روپے ہوگئے۔
Load Next Story