لاہور میں ڈاکوؤں نے گاڑیاں چلانے والی خواتین کو لوٹنے کا نیا انداز اپنا لیا

موٹرسائیکل سوار ڈاکو چلتی گاڑی کا سائیڈ شیشہ بند کرتے ہیں خاتون ڈرائیور ٹھیک کرتی ہے تو ڈاکو لوٹ مار شروع کردیتے ہیں


سید مشرف شاہ March 12, 2019
ڈاکوؤں کو سیف سٹی کیمرے بھی ٹریس نہیں کرسکے فوٹو: فائل

ڈاکوؤں نے شہریوں کو لوٹنے کے لئے نیا انداز اپنا لیا ہے جس کا نشانہ عام طور پر خواتین بنتی ہیں۔

گزشتہ چند روز سے لاہور میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کی وارداتوں میں ایک نیا طریقہ اپنایا جارہا ہے، جس میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو کسی بھی خاتون کار ڈرائیور کی گاڑی کا سائیڈ شیشہ بند کرتے ہیں جس کے بعد خاتون ڈرائیور کی جانب سے گاڑی کو بند کرکے یا آہستہ کرکے شیشے کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اسی دوران ڈاکو اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کردیتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کا نیا گینگ یہ وارداتیں صرف خواتین کار ڈرائیورز کے ساتھ کررہا ہے، گزشتہ روز بھی سول لائن ڈویژن کے علاقے میں ڈاکوؤں نے اسی طریقہ سے ایک لیڈی ٹریفک وارڈن سے لوٹ مار کی اور اس سے طلائی زیورات،نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔لیڈی ٹریفک وارڈن کی جانب سے اس حوالے سے تھانے میں درخواست جمع کروادی گئی ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ڈاکوؤں کا یہ گینگ پولیس کے لئے درد سر بن گیا ہے اور اب تک یہ درجنوں وارداتیں کرچکا ہے، پولیس کے لئے اس کی گرفتاری کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم اب تک ان ڈاکوؤں کو نہ تو سیف سٹی کیمرے ٹریس کرسکے ہیں اور نہ ہی پولیس کو ان کی گرفتاری میں کوئی کامیابی ملی ہے۔

سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے ڈاکوؤں کے اس نئے گینگ کی گرفتاری کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے ہیں۔پولیس افسران کا کہنا ہے کہ شہری ڈاکوؤں کے اس نئے طریقے سے گھبرانے کی بجائے اپنی گاڑی معمول کی سپیڈ پر چلاتے رہیں،ڈاکووں کو جلد ہی ٹریس کرکے گرفتار کرلیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں