کراچی کی ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ کے سوشل میڈیا پر چرچے

نقاب پہن کر گانا گانے کی وجہ سے ایوا بی کو کراچی کی’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ کہا جارہا ہے

رشتے داروں کی مخالفت کی وجہ سے اپنی شناخت چھپانے کے لیے ’’ایوابی‘‘کے نام سے گانا ریکارڈ کرایا فوٹو بی بی سی اردو

شہر قائد کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی ریپر ''ایوا بی'' اپنی منفرد انداز گائیکی سے شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

کراچی کا پسماندہ علاقہ لیاری ٹیلنٹ سے بھرا پڑا ہے جس کا مظاہرہ 8 مارچ کو دیکھنے میں آیا جہاں ''عورت مارچ'' کے دوران لیاری سے تعلق رکھنے والی نوجوان گلوکارہ ''ایوا بی'' اپنے ریپ میوزک سے سب کو متوجہ کرنے میں کامیاب رہیں۔ ریپ میوزک کے حوالے سے ایک مفروضہ قائم ہے کہ صرف لڑکے ہی ریپ میوزک کرسکتے ہیں تاہم نوجوان گلوکارہ ''ایوابی'' نے اس سوچ کو بدلنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایوا بی کا تعلق کراچی کے پسماندہ علاقے لیاری سے ہے جہاں لڑکیوں کا موسیقی کے میدان میں آنا مناسب نہیں سمجھا جاتا لیکن ٹیلنٹ اپنا راستہ خود نکالتا ہے ایوا بی نے بھی اپنا شوق پورا کرنے کے لیے منفرد راستہ نکالتے ہوئے نقاب پہن کر ریپ میوزک کی دنیا میں قدم رکھا اور ''اپنا ٹائم آئے گا'' گاکر سب کو حیران کردیا۔


بی بی سی اردو کے مطابق نوجوان گلوکارہ ایوا بی کے رشتے دار لڑکیوں کے میوزک کی دنیا میں آنے کے مخالف ہیں لہذا انہوں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے ''ایوابی'' کے نام سے گانا ریکارڈ کرایا اور وہ نقاب پہن کر پرفارم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے اپنی شناخت نہیں اپنا ٹیلنٹ دنیا کو دکھانا ہے لہٰذا نقاب پہن کر پرفارم کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ نقاب پہن کر گانا گانے کی ہی وجہ سے انہیں کراچی کی''سیکریٹ سپر اسٹار'' کہا جارہا ہے۔



ایوا بی نے حال ہی میں ریلیز ہوا گانا ''اپنا ٹائم آئے گا'' بھارتی اداکار رنویر سنگھ کی فلم ''گلی بوائے'' کے گانے ''اپنا ٹائم آئے گا'' سے متاثر ہو کر لکھا تھا اور ریلیز کے بعد اس گانے کو شائقین کی جانب سے بے حد پزیرائی حاصل ہورہی ہے اور یوٹیوب پر بھی اس گانے کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

https://www.youtube.com/watch?time_continue=83&v=zF_OqyKI3SA
Load Next Story