پاکستان اور بھارت ویزے میں نرمی لانے کے اقدامات کریں پارلیمنٹرینز

تعلیمی ماہرین،بزرگ شہریوں کو ویزافری سہولت مہیاکی جائے،اعلامیہ،ڈائیلاگ کا چوتھا رائونڈ اختتام پذیر

تعلیمی ماہرین اور بزرگ شہریوں کو ویزافری سہولت مہیاکی جائے ، اعلامیہ،ڈائیلاگ کا چوتھا رائونڈ اختتام پذیر ، پاکستانی وفد آج پٹنہ جائیگا

LONDON:
پاک بھارت پارلیمنٹرینز ڈائیلاگ کے چوتھے رائونڈ کے تحت دونوں ملکوںکے ارکان پارلیمنٹ کے دو روزہ مذاکرات جمعے کونئی دہلی میں اختتام پذیر ہوگئے ہیں ۔ پلڈاٹ کے پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ارکان پارلیمنٹ نے اتفاق رائے سے دونوں حکومتوں پر زوردیا ہے کہ ویزے میں نرمی لانے کے اقدامات کیے جائیں،دونوں ملکوںکے شہریوں کو ویزے کے اجرامیں سہولتیں دینے اوردیگر شہروں کے دورے کے لیے پولیس کے ساتھ رپورٹ درج کرنے کی شرط ختم کی جائے تاکہ دونوں ملکوں کے شہریوں کو پولیس کی جانب سے بیجاہراساں کرنے سے محفوظ رکھا جاسکے ۔


دونوں ملکوں کے پارلیمنٹرینز کے دو روزہ ڈائیلاگ کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کی حکومتیں تعلیم کے شعبے سے وابستہ ماہرین ، بزرگ شہریوں کو ویزافری سہولت مہیا کریں اور دونوں ملکوں کو ایسے اقدامات اٹھانے چاہییں کہ دونوں ملکوں کے شہری اپنی گاڑیوں میں ایک دوسرے کے ملک آجاسکیں ۔ دو روزہ پاک بھارت پارلیمنٹرینز ڈائیلاگ کے اس چوتھے دور کی سربراہی لوک سبھا کے رکن یشونت سنہا اور پاکستانی سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر جہانگیر بدر نے مشترکہ طورپر کی ۔ بعد ازاں پاکستانی وفد بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کی دعوت پر آج ہفتے کو پٹنہ روانہ ہوگا ۔ پاکستانی ا رکان پارلیمنٹ بہار کے وزیراعلی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر سمیت ریاست بہار کے ارکان صوبائی اسمبلی دانشوروں اور ماہرین سے ملاقات کریں گے ۔
Load Next Story