ورلڈ کپ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ سے دور رکھنے کا فیصلہ

بہت زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ کی وجہ سے پلیئرز تھکاوٹ کا شکار ہیں، پی سی بی

بہت زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ کی وجہ سے پلیئرز تھکاوٹ کا شکار ہیں، پی سی بی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد سمیت ورلڈ کپ کا ممکنہ حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔


ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی اور ٹیم منیجمنٹ کی طرف سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ انگلینڈ میں شیڈول عالمی کپ میں شامل تمام متوقع کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھلانے کے بجائے مکمل آرام دیا جائے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کچھ عرصہ قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پریس کانفرنس کے دوران تسلیم کرچکے ہیں کہ بہت زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ کی وجہ سے پلیئرز تھکاوٹ کا شکار ہیں۔

ورلڈ کپ میں تازہ دم قومی اسکواڈ کے حصول کے لیے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد سمیت بعض سینیئر کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف یو اے ای میں شیڈول سیریز کے لیے قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا ہے، مزید معلوم ہوا کہ کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر تمام کھلاڑیوں کو پاکستان کپ میں آرام دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کپ 5 اپریل سے 16 اپریل تک راولپنڈی میں کروائے جانے کا امکان ہے جب کہ ایونٹ کے فوری بعد سیزن کا آخری ٹورنامنٹ پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کھیلا جائے گا۔
Load Next Story