بارش ہوئے 48 گھنٹے گزر گئے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہوسکی

کئی علاقوں میں 10سے 12 گھنٹے تک بجلی غائب رہی،افطار اور لیلتہ القدر کے اجتماعات کے موقع پر شہریوں کو مشکلات

کئی علاقوں میں 10سے 12 گھنٹے تک بجلی غائب رہی،افطار اور لیلتہ القدر کے اجتماعات کے موقع پر شہریوں کو مشکلات۔ فوٹو: فائل

شہر کے بعض علاقوں میں بارشوں کے بعد 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود ابتک بجلی بحال نہیں ہوسکی۔

پیرکو سحری، افطار اور لیلتہ القدر کے اجتماعات کے موقع پر شہریوں کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا، تفصیلات کے مطابق شہر میں گزشتہ روز بارشوں کے نتیجے میں بجلی کی معطلی کے بعد اب تک شہر کے بعض علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہوسکی، پیر کو بھی شہر کے مختلف علاقوں ناظم آباد، لیاقت آباد، رئیس امروہی سوسائٹی، سعدی ٹاؤن، کورنگی، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، کیماڑی، رنچھوڑلائن، ماڈل کالونی، گجرنالہ، منگھوپیر اور گڈاپ کے مختلف علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے بجلی غائب رہی، سادات امروہہ سوسائٹی سعدی ٹاؤن، گجرنالہ اور گڈاپ کے بعض علاقوں میں دو دن سے بجلی غائب ہے۔




کے ای ایس سی کا عملہ اب تک بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے فالٹس کی درستگی کا کام انجام نہیں دے سکا،شہر کے بعض علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہے اور بجلی کے تار ٹوٹ کر گرے ہوئے ہیں، بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے کے ای ایس سی کے عملے کو فالٹس کی درستگی میں مشکلات کا سامنا ہے، ناظم آباد ، لیاقت آباد اور لیاری کے مختلف علاقوں کے مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں آٹھ سے بارہ گھنٹے تک بجلی غائب رہی۔

کورنگی، لانڈھی اور ماڈل کالونی کے مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں پیر کوچھ سے بارہ گھنٹے تک بجلی غائب رہی، رنچھوڑ لائن، ماری پور اور شیرشاہ کے مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں دس گھنٹے تک بجلی غائب رہی، شہریوں نے شکایت کی ہے کہ لیلتہ القدر کی شب بھی شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے اور شہریوں کو عبادات میں مشکلات پیش آئیں، بھینس کالونی، کھوکھراپار اور ملیرسٹی میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے گھروں سے باہر نکل کر کے ای ایس سی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
Load Next Story