دنیا بھر میں آواز کا جادو جگانے والے عاطف اسلم 36 برس کے ہوگئے

عاطف اسلم کو بہترین فنی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے ’تمغہ امتیاز‘ سے بھی نوازا جاچکا ہے


ویب ڈیسک March 12, 2019
عاطف اسلم کو بہترین فنی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے ’تمغہ امتیاز‘ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی سریلی آواز سے جادو جگانے والے عاطف اسلم 36 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

عاطف اسلم پاکستان کا وہ ستارہ ہے جس نے اپنی جستجو اور لگن سے گلوکاری کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ بالی ووڈ کی کئی فلمیں اُن کی آواز میں گائے ہوئے گیت کی وجہ سے سپرہٹ سمجھی جاتی ہیں۔

عاطف اسلم 12 مارچ 1983ء کو پنجاب کے صنعتی شہر وزیر آباد میں پیدا ہوئے جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی بعد ازاں مزید تعلیم کی غرض سے وہ راولپنڈی منتقل ہو گئے۔ انہوں نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع اسکول سے مزید تعلیم مکمل کی اور پھر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔


عاطف اسلم نے اپنے کیریئر کی ابتداء 2004ء میں ریلیز ہونے والے گیت 'جل پری' سے کی جسے کافی پسند کیا گیا۔ پھر بھیگی یادیں، احساس، ماہی وے اور 'آنکھوں سے' جیسے کئی گانوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ گلوکار نے اردو، پنجابی اور بنگالی میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔ پاپ، روک اور صوفی گیت بھی گنگنا کر دنیا کو حیران کردیا۔


پاکستان کا نام روشن کرنے والے عاطف اسلم نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ 2011ء میں ریلیز ہونے والی فلم 'بول' میں اداکاری کا لوہا بھی منوایا تاہم وہ آج بھی اپنی آواز کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ اُن کی بہترین فنی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں 2008ء میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے چوتھے سب سے بڑے سول ایوارڈ ' تمغہ امتیاز' سے بھی نوازا گیا۔


عاطف اسلم کے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی کئی گیت ریلیز ہو چکے ہیں، گزشتہ ماہ ہی ٹی سیریز کی جانب سے آن کی آواز میں گایا ہوا گیت 'بارشیں' ریلیز کیا گیا ہے جس کی ویڈیو میں عاطف اور بالی ووڈ کی اداکارہ نشرت بھروچہ شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔