رمشا مسیح اور آسیہ بی بی کو فوری رہا کیا جائے سلیم کھوکھر

چیف جسٹس نوٹس لیں، 11 سالہ بچی رمشا کا ذہنی توازن بھی خراب ہے،پریس کانفرنس

چیف جسٹس نوٹس لیں، 11 سالہ بچی رمشا کا ذہنی توازن بھی خراب ہے،پریس کانفرنس. فوٹو: ایکسپریس

آل پاکستان منارٹیزالائنس سندھ کے صدر و رکن سندھ اسمبلی سلیم خورشید کھوکھر نے 11 سالہ لڑکی رمشا مسیح کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رمشا مسیح اور آسیہ بی بی کو فوری رہا کیا جائے اور چیف جسٹس فیصل آباد میں 12 سالہ سنیل مسیح کو تشدد سے قتل کرنے کے واقعے کا بھی نوٹس لیں۔


کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آسیہ بی بی اور رمشا مسیح کے خاندانوں کو خطرات لاحق ہیں، انھیں تحفظ فراہم کیا جائے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے غیر مسلم آبادی خاص کر مسیحی افراد پر توہین رسالت قانون کا غلط استعمال بند ہو۔ انھوں نے کہا کہ وہ آسیہ بی بی اور رمشا مسیح کی رہائی کے لیے عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ اسلام آباد میں گیارہ سالہ رمشاء مسیح کو اس الزام کے تحت گرفتار کیا گیا کہ اس نے مسلم مذہبی کتابوں کی بے حرمتی کی ہے جبکہ اس معصوم بچی کا ذہنی توازن بھی درست نہیں۔

ہم صدر پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے اس سنگین واقعے کا نوٹس لیا۔ انھوں نے کہا کہ فیصل آباد میں 12سالہ سنیل مسیح 19اگست کو کھانا لینے کے لیے نکلا دوسرے دن اس کی مسخ لاش ملی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اس کی لاش کو جلانے کی کوشش کی گئی تھی، افسوسناک بات یہ ہے کہ ابھی تک اس کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
Load Next Story