نواز شریف کمزور ہوتے ہیں تو پاؤں پڑتے اور موقع ملے تو گردن پکڑتے ہیں اعتزاز احسن

نوازشریف نے پیپلزپارٹی کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نکلوایا، رہنما پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک March 13, 2019
نواز شریف خود علاج نہیں کرانا چاہتے،اعتزاز احسن فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا یہ طریقہ ہے کہ وہ جب کمزور ہوتے ہیں تو پاؤں پکڑتے ہیں اور جب موقع ملتا ہے تو گردن پکڑتے ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ بہت سارے بیانات اور ٹوئٹس مجھ سے منسوب کیے جا رہے ہیں، سوائے ایک اکاؤنٹ کے میرا کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ نہیں، میرا آفیشل اکاؤنٹ دی رئیل اعتزاز احسن کے نام سے ہے، جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چلایا جا رہا ہے کہ میرے پیپلز پارٹی سے اختلافات ہیں، میں پیپلز پارٹی نہیں چھوڑ رہا اور ایسا کوئی ارادہ بھی نہیں۔ پیپلز پارٹی ایک خاندان ہے اور میں اس کا فرد ہوں، پارٹی کے اندر اختلافات ہوتے ہیں اور وہ پارٹی کے اندر ہی نمٹائے جاتے ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ میں نے بلاول کی نواز شریف سے ملاقات کی مخالفت نہیں کی، میں نے کبھی نہیں کہا کہ بلاول کو نواز شریف سے نہیں ملنا چاہیے، میں بھی نواز شریف کے دور میں قید کاٹ چکا ہوں، مفاہمت کی سیاست ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی نے سندھ میں بھی علاج کی آفر کی ہے، نواز شریف خود علاج نہیں کرنا چاہتے، نواز شریف کا طریقہ یہ ہے جب کمزور ہوتے ہیں تو پاؤں پکڑتے ہیں جب موقع ملتا ہے تو گردن پکڑتے ہیں، انہوں نے ہی پیپلز پارٹی کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نکلوایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں