امریكی اخبار ’’واشنگٹن پوسٹ‘‘ 135 برس بعد فروخت کردیا گیا

’’واشنگٹن پوسٹ‘‘ انٹرنیٹ فرم ’’ایمازون‘‘ كے مالک جیف بیزوس نے خریدا ہے۔

اخباری چیلینجز نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور كیا كہ شاید كوئی اور مالک اخبار كے لیے بہتر ہوگا، مالک واشنگٹن پوسٹ ڈونلڈ گراہم فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
امر یكا كا 135 برس پرانا اور گزشتہ 8 دہائیوں سے گراہم فیملی کی ملکیت رہنے والا اخبار ''واشنگٹن پوسٹ'' 25 كروڑ ڈالر میں فروخت كر دیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے كے مطابق انٹرنیٹ فرم ''ایمازون'' كے مالک جیف بیزوس نے مشہور امریكی اخبار واشنگٹن پوسٹ 25 كروڑ ڈالر میں خریدنے پر رضامندی ظاہر كی ہے، بیزوس نے اخبار كے ساتھ اس كی بعض دوسری نشرو اشاعت سے متعلقہ جائدادیں بھی ذاتی حیثیت میں خریدنے كا اعلان كیا ہے۔


دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ كے مالک ڈونلڈ گراہم كا كہنا ہے كہ اخباری چیلینجز نے انہیں یہ سوچنے پر مجبور كیا كہ شاید كوئی اور مالک اخبار كے لیے بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فروخت كا عمل 60 دنوں میں مكمل ہوگا تاہم اس میں تعلیمی ادارے ''کیپلن'' کی طرح كمپنی كے تحت چلنے والی كئی ذیلی كمپنیاں فروخت نہیں كی گئیں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ كچھ دنوں میں كسی بڑے امریكی اخبار كی فروخت كا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل ''نیو یارک ٹائمز'' نے اپنے مشہور اخبار ''بوسٹن گلوب'' كو 7 كروڑ ڈالر میں جان ڈبلیو ہنری كو فروخت كرنے كا اعلان كیا تھا۔
Load Next Story