بھارتی فوج کا پاکستان پر لگائے جانیوالے الزام کا بھانڈا بھارتی وزیردفاع نے ہی پھوڑ دیا

سرحد پر20 دہشتگردوں نے حملہ کیا اور ان کے ہمراہ پاکستانی فوج کی وردی میں ملبوس کچھ افراد بھی تھے، بھارتی وزیردفاع

بھارتی سرحد پر فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا اور بھارت کا الزام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، پاکستان فوٹو: فائل

بھارتی وزیر دفاع اے کے انٹونی نے بیان دیا ہے کہ پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعے میں دہشت گرد شامل تھے جن کے ساتھ کچھ ایسے افراد بھی تھے جو پاکستانی فوج کی وردیوں میں ملبوس تھے۔

بھارتی وزیر دفاع کا یہ بیان بھارتی حکومت اور بھارتی افواج کے اس الزام کی کھلی تردید کرتا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں پونچھ سیکٹر میں پاک بھارت سرحد پر فائرنگ پاکستانی فوجیوں کی جانب سے کی گئی تھی جس میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے، دوسری جانب پاکستانی فوج کی جانب سے اس الزام کی سختی سے تردید بھی کی گئی ہے۔


پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر تقریبا 20 دہشت گردوں نے حملہ کیا جو بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے اور ان کے ہمراہ کچھ افراد ایسے بھی تھے جنہوں نے پاکستانی فوجیوں جیسی وردی پہن رکھی تھی۔

وزیر موصوف نے پارلیمنٹ میں سچ کیا بولا کہ ارکان پارلیمنٹ ہی آپے سے باہر ہو گئے اور ہندو انتہا پسند تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی اور دیگر اپوزیشن کے ارکان تو ایسے بپھرے کہ انہیں سنبھالنا ایک مسئلہ بن گیا، بات پارلیمنٹ میں ہی ختم نہیں ہوئی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اے کے انٹونی کے گھر کو بھی نہ چھوڑا اور پاکستان سے اپنی روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے گھر کے باہر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج نے الزام عائد کیا تھا کہ آج صبح پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوج کی ایک گشتی ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے بھارتی الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی سرحد پر فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا اور بھارت کا الزام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story