ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر فواد چوہدری کا یوٹرن

فواد چوہدری نے وزیراعظم کی ٹوئٹ کے چند منٹ بعد ہی بل کی مخالفت میں ٹوئٹ کردی۔


ویب ڈیسک March 14, 2019
پنجاب اسمبلی کے اس اقدام سے حکومتی پالیسی کا مذاق اڑایا گیا، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر کچھ ہی دیر بعد اپنے بیان سے یوٹرن لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے عوامی نمائندگان ترمیمی بل 2019 کی منظوری کے بعد جب وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور اراکین کی تنخواہ و مراعات میں اضافے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہیں کم تھیں اور یہ تنخواہ نہیں بڑھتی تو مڈل کلاس طبقہ کبھی بھی الیکشن نہیں لڑے گا۔



دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں اس فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی جانب سے تنخواہوں اور مراعات میں اضافے سے بہت مایوس ہوا۔ وزیراعظم کی ٹوئٹ کے چند منٹ بعد ہی وفاقی وزیر اطلاعات نے بھی یوٹرن لیتے ہوئے اس بل کی مخالفت میں ٹوئٹ کردی۔



اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اسمبلی کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے خود کو نوازنے کے اقدامات وزیراعظم اور وفاقی حکومت کی پالیسیزسے متصادم ہیں اور اس اقدام سے حکومتی پالیسی کا مذاق اڑایا گیا ہے، اس پالیسی پر فوری نظرثانی کی جانی چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں