کراچی کےعلاقے ڈیفنس اور گلشن اقبال میں شراب کی دکانوں کے باہر 4 دھماکے

چاروں دھماکوں میں شراب کی دکانوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم کسی بھی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس

چاروں دھماکے شراب کی دکانوں کے باہر کیے گئے۔ فوٹو: ایکسپریس

ڈیفنس اور گلشن اقبال کے علاقوں میں ایک گھنٹے کے دوران شراب کی دکانوں کے باہر دھماکے کیے گئے تاہم ان میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیفنس میں یکے بعد دیگرے 3 مختلف مقامات پر شراب کی دکانوں کے باہر کریکر حملے کیے گئے، 3 میں سے 2 دھماکے درخشاں تھانے جب کہ ایک گزری تھانے کی حدود میں ہوا جن میں شراب کی دکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ درخشاں تھانے کی حدود میں ہونے والے دونوں دھماکے پلانٹڈ ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے جب کہ گزری تھانے کی حدود میں ہونے والا دھماکا کریکر کے ذریعے کیا گیا، پہلا دھماکا خیابان مسلم، دوسرا خیابان راحت جب کہ تیسرا دھماکا صبا کمرشل پر کیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں کا نشانہ بنائی جانے والی دکانوں سے بھتہ بھی طلب کیا گیا تھا جب کہ ڈیفنس سے امیر حمزہ نامی ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کیا گیا جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب گلشن اقبال کے علاقے موتی محل کے قریب بھی شراب کی دکان پر کریکر حملہ کیا گیا تاہم اس میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
Load Next Story