کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا سلسلہ جاری 22700 کی حد بھی گر گئی

کاروباری حجم پیر کی نسبت 41.30 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ 63 لاکھ 74 ہزار960 حصص کے سودے ہوئے۔


Business Reporter August 06, 2013
مندی کے باعث 53.29 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید30 ارب59 کروڑ79 لاکھ ایک ہزار157 روپے ڈوب گئے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو دوسرے دن بھی اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے۔

جس سے انڈیکس کی 22700کی حد بھی گرگئی، مندی کے باعث 53.29 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید30 ارب59 کروڑ79 لاکھ ایک ہزار157 روپے ڈوب گئے، ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ پاورٹیرف میں مزید اضافے کے خدشات پر پروڈکشن انڈسٹریل سیکٹر کے حصص کی فروخت بڑھگئی ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئی مانیٹری پالیسی میں ڈسکاؤنٹ ریٹ بڑھنے کے بھی خطرات پائے جا رہے ہیں، ماہرین کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے معاشی ترقی بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔

جسکے پیش نظر دوراندیش سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری کے بجائے حصص کی آف لوڈنگ پر توجہ مرکوز رکھی ہوئی ہے اور یہ طرز عمل مارکیٹ میں تیزی کو متاثرکررہا ہے، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر 84 لاکھ43 ہزار498 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں ایک موقع پر266.17 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے 13 لاکھ88 ہزار8 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے 68 لاکھ87 ہزار264 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سیایک لاکھ68 ہزار226 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا نے تیزی کے اثرات زائل کردیے نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 79.37 پوائنٹس کی کمی سے 22621.93 ہوگیا۔



جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 70.71 پوائنٹس کی کمی سے 17576.49 اور کے ایم آئی30 انڈیکس529.17 پوائنٹس کی کمی سے 39347.66 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 41.30 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ 63 لاکھ 74 ہزار960 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار349 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا ۔

جن میں139 کے بھاؤ میں اضافہ 186 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھاؤ 100.87 روپے بڑھ کر 2118.36 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 20 روپے بڑھ کر1820 روپے ہوگئے جبکہ نیسلے پاکستان کے بھاؤ 74.50 روپے کم ہوکر6300 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ50.28 روپے کم ہوکر998.67 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں