نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کا بدترین واقعہ 2 مساجد میں فائرنگ سے 49 نمازی شہید

مساجد پر حملہ کرنے والا آسٹریلوی دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ اور ایک خاتون سمیت 4 افراد گرفتار

حملہ آور شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس نے فوجی وردی پہن رکھی ہے، نیوزی لینڈ پولیس۔ فوٹو: سوشل میڈیا

نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ سے 49 نمازی شہید اور 48 زخمی ہوگئے جب کہ مسجد میں موجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم اس حملے میں بال بال بچ گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی 2 مساجد النوراورلینوڈ میں فوجی وردی میں ملبوس 28 سالہ انتہا پسند آسٹریلوی سفید فام برینٹن ٹیرنٹ کی فائرنگ سے 49 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے جب کہ دورہ پرموجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم بھی اس حملے میں بال بال بچ گئی۔



آسٹریلوی وزیراعظم نے تصدیق کی ہے کہ نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملہ کرنے والا سفید فام برینٹن ٹیرنٹ آسٹریلوی شہری ہے جس کا تعلق مسلم مخالف انتہا پسندوں سے ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مساجد پر حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا۔

مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ نماز جمعہ کے دوران کی گئی۔ مزید چارافراد کو حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ جدید ہتھیاروں سے لیس حملہ آورنے اپنی ہولناک فائرنگ کی لائیو وڈیو ریکارڈنگ بھی کی۔


نیوزی لینڈ پولیس نے حملے کے بعد کرائسٹ چرچ کی دیگر مساجد کو بھی خالی کرالیا جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ خبر ایجنسی کے مطابق شہر کے گرجا گھر اور اسکول بھی بند کردیئے گئے۔



عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ نماز جمعہ کے 10 منٹ بعد شروع ہوئی جب کہ ایک شخص آٹو میٹک رائفل کے ساتھ مسجد میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے دوران وہ اسلام اور تارکین وطن کے خلاف زہر اگلتا رہا۔



دوسری جانب بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے کہا کہ ٹیم حملے کے وقت مسجد میں موجود تھی اور اسی دوران ٹیم کے ارکان نے مسجد سے بھاگ کر جان بچائی تاہم ہمارے تمام کرکٹر محفوظ ہیں۔

ادھر وزیراعظم نیوزی لینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
Load Next Story