بھانجا امام الحق ماموں انضمام کے نقش قدم پر چل پڑا

انڈر19 ٹرائنگولر سیریز میں انگلینڈ کے خلاف سنچری، پاکستان 46 رنز سے سرخرو


Sports Desk August 07, 2013
انڈر 19 کرکٹ: پاکستانی بیٹسمین امام گیند کو بائونڈری کی راہ دکھا رہے ہیں، انھوں نے سنچری بنائی۔ فوٹو: گیٹی امیجز

انضمام کے بھانجے امام الحق نے ماموں کے نقش قدم پر چلنا شروع کر دیا، ٹرائنگولر انڈر19 کرکٹ سیریز میں انھوں نے سنچری داغ کر پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف 46 رنز سے سرخرو کرا دیا۔

289 رنز کا تعاقب کرنے والی میزبان ٹیم ویل رہوڈز کی تھری فیگر اننگز کے باوجود242 پر ہمت ہار گئی،آخری لمحات میں 22 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے والے فرحان نذیر اور 4 وکٹیں لینے والے محمد آفتاب نے بھی گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق حریف کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم کو کپتان سمیع اسلم اور عمران بٹ نے46 رنز کا آغاز فراہم کیا، عمران(22) میتھیو فشرکا شکار بن گئے، امام نے کپتان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 145 رنز جوڑے، سمیع اسلم 60 رنز بنانے کے بعد جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی کوشش میں ویل رہوڈز کی گیند پر فشر کو کیچ دے بیٹھے۔



امام الحق نے ایک اینڈ کامیابی سے سنبھالے رکھا جبکہ بعد میں آنے والے حسین طلعت 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، اس وقت ٹیم کا سکور211 رنز تھا، امام نے 120 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، انھیں جش شاؤ نے بولڈ کیا۔ اختتامی اوورز میں فرحان نذیر نے صرف 22 گیندوں پر 46 رنز سے سجی اننگزکھیل کر ٹیم کے289 کا قابل قدر مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا، انھیں آخری گیند پر جش شاؤ نے بولڈ کیا، مشکل ہدف کا تعاقب کرنے والی میزبان ٹیم 60 رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

ویل رہوڈز اور ہیری فنچ نے پانچویں وکٹ کیلیے 134 رنز جوڑے، دونوں نے اسکور194 تک پہنچا کر گرین شرٹس کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی مگر پیسر محمد آفتاب نے فنچ کو 50 پر آؤٹ کرتے ہوئے ساتھی پلیئرز کو حوصلہ فراہم کیا،ویل رہورڈز کی اننگز 102 رنز پر محمد آفتاب نے ختم کی،میزبان ٹیم 48 اوورز میں 242 رنز تک ہی پہنچ سکی، محمد آفتاب نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اور ظفر گوہر نے 3 بیٹسمینوں کوٹھکانے لگایا، فرحان نذیر اور ضیاء الحق کے حصے میںایک، ایک وکٹ آئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں