امریکی قونصل جنرل کیخلاف مقدمے کیلیے عدالت میں درخواست

دھماکے کا مقصد امریکا اور اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کے سوا کچھ نہیں ہوسکتا، درخواستگزار۔


Adil Jawad August 25, 2012
واقعے کی ذمے داری امریکی قونصل جنرل پر ڈالتے ہوئے ان کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلیے درخواست دے دی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ملت جعفریہ لیگل ایڈ کمیٹی نے یوم القدس ریلی کی بس پر دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد کی ہلاکت اوردرجنوں افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کی ذمے داری امریکی قونصل جنرل پر ڈالتے ہوئے ان کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلیے درخواست دے دی ہے جب کہ 8 روز بعد بھی واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا جس پر لیگل ایڈ کمیٹی نے مقدمے کے اندراج کیلیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 17 اگست جمعۃ الوداع کے موقع پر یونیورسٹی روڈ پر القدس ریلی کی ایک بس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ دھماکے کی زد میں ایک کار بھی آئی اور اس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ملت جعفریہ لیگل ایڈ کمیٹی کے ایڈوائزر تصور حسین نقوی ایڈووکیٹ کی جانب سے مقدمے کے اندراج کیلیے گلشن اقبال تھانے میں درخواست دی گئی تھی جس میں بم دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی ذمے داری کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل پر عائد کرتے ہوئے انھیں مقدمے میں نامزد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بم دھماکے کا شکار ہونے والی بس پر یوم القدس کی ریلی میں شرکت کیلیے آنیوالے افراد سوار تھے جو کہ فلسطین پر صیہونیوں کے غاصبانہ قبضے اور امریکی حکومت کی جانب سے اسرائیل کی ناجائز حمایت کے خلاف نکالی جارہی تھی اور اس بم دھماکے کا مقصد امریکا اور اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں ہوسکتا لہٰذا بم دھماکے کے مقدمے میں کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل کو نامزد کیا جائے۔ ایس پی انویسٹی گیشن گلشن اقبال نوید خواجہ نے اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر بتایا کہ مقدمے کے اندراج میں تاخیر کی وجہ امریکی قونصل جنرل کی نامزدگی کا مطالبہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ سفارتی استثناء ہونے کی وجہ سے امریکی قونصل جنرل کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے بتایا کہ درخواست کو پولیس لیگل ڈپارٹمنٹ کو بھیجا گیا ہے اور امریکی قونصل جنرل کو نامزد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ قانونی رائے کی روشنی میں کیا جائے گا۔ لیگل ایڈ کمیٹی کے ڈائریکٹر تصور حسین نقوی کی جانب سے مقدمے کے اندراج کیلیے عدالت سے رجوع کرلیا گیا ہے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے تصور حسین نقوی کی جانب سے دائر ضابطہ فوجداری کے ایکٹ 22 اے کی درخواست پر ایس ایچ او گلشن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انھیں 28 اگست کو عدالت طلب کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں