پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن PNMA کے نام سے وسیع البنیاد تنظیم کا قیام

ضیا شاہد آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین مقرر، کمیٹی 3ماہ میں رکنیت سازی مکمل اور آئین تیار کرے گی، اجلاس میں فیصلہ

تنظیم ایڈیٹرز، ٹی وی اینکرز، ڈیجیٹل میڈیا، کالم نگاروں، آرٹیکل رائٹرز، ایڈورٹائزنگ اور دانشوروں پر مبنی ہو گی، ضیا شاہد۔ فوٹو: انٹرنیٹ

پاکستان بھر کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے اخبارات، ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک ممتاز افراد کی ایک بڑی تعداد نے لاہور کے آواری ہوٹل میں منعقدہ اپنے ایک اجلاس میں پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن (PNMA) کے نام سے ایک ہمہ گیر اور وسیع البنیاد تنظیم کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام جنوری 2019ء میں منعقدہ اسلام آباد میں ''پاکستان میڈیا کنونشن'' میں کئے گئے فیصلے کے تسلسل میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ ''پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن'' کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک اعلامیہ بھی منظور کیا گیا جس میں کہا گیاکہ سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی پر مبنی آج کے جدید دور میں میڈیا کا عمل دخل ملک کے سماجی، معاشی، سیاسی شعبوں اور انسانی وخاندانی زندگیوں میں انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

آزاد، مستحکم اور متحرک میڈیا بنیادی انسانی حقوق کا جزوِ لاینفک اور ہماری سوسائٹی اور ہماری معیشت کا ایک بنیادی حصہ بھی بن چکا ہے۔ سماجی، معاشی، سیاسی شعبوں اور انسانی وخاندانی اقدار اور معیار زندگی کے ارتقاء کیلئے آزاد، مستحکم اور متحرک میڈیا ضروری ہے جس کیلئے میڈیا میں جدید ترین ہنر سے آراستہ افرادی قوت اور معاشی استحکام درکار ہوگا جو پاکستان میں آزاد، متحرک اور مستحکم میڈیا کے فروغ اور تقویت کیلیے لازمی عوامل ہیں۔ ان عوامل میں پاکستان میں میڈیا کی تمام کیٹیگریز اور تمام اقسام کے تمام شعبوں میں مصروف عمل افراد میں باہمی روابط، نیٹ ورکنگ کا قیام اور فروغ شامل ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی ، نئے رجحانات اور پروڈکشن میں جدیدیت سمیت تمام میڈیا امور کیلئے ایک مربوط، ہمہ گیر اور وسیع البنیاد پلیٹ فارم کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کیونکہ ہر شعبے کی الگ الگ تنظیمیں کام کررہی ہیں لیکن پاکستانی میڈیا کی مؤثر نمائندگی کیلئے کوئی فورم موجود نہیں۔

اعلامیے میں تنظیم کا بنیادی اصول مرتب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ''پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن'' میں میڈیا کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے سب افراد کو یکساں مقام ، حیثیت اور مرتبہ حاصل ہوگا۔ اجلاس میں 35 اراکین پر مشتمل آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل دی گئی اور ضیا شاہد کو آرگنائزنگ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔

آرگنائزنگ کمیٹی تین ماہ کے اندر رکنیت سازی کی تکمیل اور آئین تیار کرے گی جس کے بعد ''پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن'' کے باقاعدہ انتخابات بھی عمل میں آئیں گے۔ سیکرٹریٹ کے امور کی انجام دہی کیلئے تنظیم کے انتخابات تک کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) سے معاونت کی درخواست کی گئی جس کی سی پی این ای کے عہدیداران نے آمادگی ظاہر کی۔


اجلاس میں ضیا شاہد، مبشر زیدی، فیصل عزیز، رحمت علی رازی، ذوالفقار علی شاہ، ارشاد احمد عارف، ایاز خان، احمد اقبال بلوچ، خالد کھوکھر، امتیاز خان فاران، لالہ رحمٰن، ڈاکٹر جبار خٹک، عامر محمود، حامد حسین عابدی، کاظم خان، اعجازالحق، عالیہ شاہ، عدنان ملک، یوسف نظامی، سہیل اقبال، خضر حیات وٹو، آغا وقار، وقاص طارق، امتیاز روحانی اور بشیر احمد خان سمیت کثیر تعداد میں صحافیوں اور ٹی وی اینکرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر فیصل عزیز' اینکر انیق احمد' امتیاز فاران صدر کراچی پریس کلب' عدنان ملک' میاں حبیب' دوست حفیظ' ارشد ربانی' خالد کھوکھر' سہیل خان' ریاض صحافی' عثمان وٹو' سٹار ایشیاء ٹی وی کے غازی بابر، PFUJ کے صدر رانا عظیم اور رائل ٹی وی کے خضر وٹو نے خطاب کیا۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ضیا شاہد نے کہا کہ لاہور اور کراچی کے ایڈیٹروں' ٹی وی اینکرز' کالم نویسوں کے ساتھ بعض ٹی وی چینلز کے مالکان اور منتظمین نے بھی شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔

پاکستان کے صف اول کے اخباری ایڈیٹروں نے تنظیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور اعجاز الحق' جبار خٹک' ارشاد احمد عارف' کاظم خان' امتنان شاہد' رحمت علی رازی' علی احمد ڈھلوں نے تنظیم میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اسلام آباد سے معروف ٹی وی اینکرز ڈاکٹر شاہد مسعود' حامد میر' جاوید چوہدری اور سردار خان نیازی نے تنظیم میں شمولیت کے پیغامات بھیجے۔

قبل ازیں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے پاکستان نیوز میڈیا ایسوسی ایشن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے ایڈیٹروں' ٹی وی اینکرز' ٹی وی چینلز کے مالکان اور منتظمین کے علاوہ صف اول کے کالم نویسوں اور رائٹرز کو PNMA میں شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ پہلے سے موجود صحافی تنظیموں کا احترام کرتے ہیں اور ایک وسیع البنیاد تنظیم کے پیام کوپاکستانی میڈیا کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہیں۔

سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل جبار خٹک نے کہاکہ PNMA میں پہلی بار وفاقی سطح اسلام آباد اور صوبائی سطح لاہور' کراچی' کوئٹہ' پشاور کے بڑے پریس کلبوں کے سربراہوں کو خاص طور پر تنظیم میں شامل کیا گیا ہے تاکہ بڑے پریس کلبوں کو تنظیم میں مؤثر جگہ دی جاسکے۔ بعض ایسی شخصیات نے بھی تنظیم کو عملی تعاون کا یقین دلایا ہے جن کا تعلق ایڈورٹائزنگ کے شعبے سے ہے۔

تین ماہ میں تنظیم سازی کی تکمیل کے بعد اس وسیع البنیاد تنظیم کے الیکشن کروائے جائیں گے اور ہر شعبے سے کل پاکستان بنیادوں پر سینئر نائب صدور کے چنائو کا کام مکمل ہوگا۔ اس طرح یہ پاکستان میڈیا کی پہلی تنظیم ہو گی جو بیک وقت ایڈیٹرز' ٹی وی اینکرز' ڈیجیٹل میڈیا' کالم نگاروں' آرٹیکل رائٹرز' ایڈورٹائزنگ اور دانشوروں پر مبنی ہوگی اور ایک مؤثر میڈیا کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کیلئے کام کرے گی۔
Load Next Story