یورپ میں اسلام فوبیا دکھائی دے رہا ہے وزیرخارجہ

عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوشش کر رہے ہیں تاہم حساس معاملے پر خاموشی اختیار کرنا بہتر ہے، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک March 16, 2019
پاک بھارت کشیدگی میں کمی آئی لیکن الیکشن تک مودی سرکار سے چوکنا رہنا ہوگا، وزیرخارجہ 

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے بہت کوششیں کی ہیں لیکن امریکا کا قانون آڑے آجاتا ہے جب کہ عافیہ صدیقی حساس معاملہ ہے اس پر خاموشی اختیار کی جائے۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے جس میں 49 مسلمانوں کو شہید کیا گیا، دہشت گرد عالمی مسئلہ ہے نیوزی لینڈ میں ایسا واقعہ پہلے کبھی ہوا نہ سنا ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ حکومت نے جاں بحق افراد کی شناخت کرلی ہے، ایک پاکستانی کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے تاہم کرائسٹ چرچ میں 300 پاکستانی رہائش پذیرہیں اور اس وقت 9 کے قریب پاکستانی لاپتہ ہیں جن کے موبائل بھی بند ہیں جب کہ لندن میں بھی اس وقت کچھ پاکستانی لاپتہ ہیں تاہم متاثرہ فیملی سے رجوع کریں گے، ان کی ہرممکن مدد کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی آئی ہے، ہماری تو پہلے روز سے کشیدگی کم کرنے کی کوشش تھی، کشیدگی کم کرانے کیلئے چین نے کردارادا کیا، کل دورہ چین کروں گا جب کہ ہمیں جنگ نہیں امن کی جانب بڑھنا ہے تاہم 19 مئی تک مودی سرکار سے کوئی بعید نہیں ، بھارتی الیکشن تک ہمیں فضائی حدود اور لائن آف کنٹرول پر الرٹ رہنا ہوگا، بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا بھارت میں سنجیدہ لوگوں پر اثر ہوا ہے، پاک بھارت مشترکہ اعلامیہ کافی عرصے بعد سامنے آیا ہے، کرتار پور راہداری کیلیے آیندہ میٹنگ 2 اپریل کو ہوگی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پہلی باراو آئی سی قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا ذکر کیا گیا، ہمارا موقف ہے مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد ہے، ساری دنیا نے دیکھا کہ بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ اور پاکستان کا رویہ ذمہ دارانہ تھا جب کہ روس نے پاکستان اور بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلیے پلیٹ فورم دینے کی تجویز دی اور پاکستان نے روس کی تجویز کی حمایت کی ہے، بھارت کومنانا ان کا کام ہے۔

عافیہ صدیقی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے بہت سے فوائد ہیں لیکن حقائق کے برعکس معلومات ہوتی ہیں اور جو لوگ اپنی بیٹی کی خدمت چاہتے ہیں ان سے گزارش ہے حساس معلومات پر خاموش رہیں، عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اللہ کرے ہم عافیہ صدیقی کو رہا کروانے میں کامیاب ہوجائیں لیکن جب بھی امریکا سے بات کی ان کا کہنا ہے کہ امریکی قانون آڑے آتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں