امن دشمنوں کو کامیاب پی ایس ایل کی صورت میں جواب دیا ڈی جی آئی ایس پی آر

آئندہ پی ایس ایل میچز میران شاہ، خیبر اور مظفرآباد سمیت پورے ملک میں کرائیں گے، ترجمان پاک فوج

پی ایس ایل کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے، میجر جنرل آصف غفور ۔ فوٹو: فائل

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ امن کے دشمنوں کو کامیاب پی ایس ایل کی صورت میں جواب دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے، ہم سب نے مل کر اس ایونٹ کو کامیاب بنایا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ امن کے دشمنوں کو کامیاب پی ایس ایل کی صورت میں جواب دیا ہے، آئندہ پی ایس ایل میچز پورے ملک میں کرائیں گے، میران شاہ، خیبر اور مظفرآباد میں بھی میچز ہوں گے۔


ڈٰی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

اس سے قبل ترجمان پاک فوج نے ایک ٹوئٹ میں پی ایس ایل 4 کا فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے کراچی کے لئے مخصوص لفظ عروس البلاد کے ساتھ ''پاکستان زندہ باد'' بھی تحریر کیا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں ایک وڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں شاہد آفریدی، سرفراز احمد، ڈیرن سیمی اور کیرن پولارڈ سمیت دیگر کھلاڑی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے ہیں۔

Load Next Story