حکومت نا تجربہ کار ہی نہیں نااہل بھی ہے ایاز صادق

امید ہے 19مارچ کو نواز شریف کی ضمانت ہو جائے گی، رہنما مسلم لیگ (ن)

اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے سے حکومت کی  کا پول کھل گیا فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت صرف نا تجربہ کار ہی نہیں بلکہ نااہل بھی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھ لیا کہ نواز شریف کے خلاف چلائے گئے کیسز میں ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، ہمیں امید ہے کہ 19مارچ کو نواز شریف کی ضمانت ہو جائے گی۔


مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ ایک ماہ پہلے سروسز اسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی تھی، اس وقت تک نواز شریف کو اسپتال لائے کافی دن گزر چکے تھے اس کے باوجود ان کے دل کے عارضے کا علاج شروع نہیں کیا گیا تھا اور جنرل علاج کیا جارہا تھا۔ حکومت کی طرف سے بنائے گئے تمام میڈیکل بورڈز نے بھی نواز شریف کو دل کے پیچیدہ عارضے کی تشخیص کی لیکن حکومت اس معاملے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس سے پہلے ہمارے مخالفین نے بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے حوالے سے بھی اسی طرح کی باتیں کی تھیں لیکن بعد میں انہیں معذرت کرنا پڑی، ہماری دعا ہے کہ اللہ کسی پر بھی ایسا وقت نہ لائے اور ہم کسی کی بیماری کے حوالے سے ایسی سیاست نہیں کریں گے، حکومت کی 7 ماہ کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، یہ حکومت صرف نا تجربہ کار ہی نہیں بلکہ نا اہل بھی ہے۔ اکثریت کی بنیاد پر اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے بل کی منظوری کے بعد حکومت کی کفایت شعاری کا پول کھل گیا ہے۔
Load Next Story