بھارت میں باغیوں کا سیکیورٹی فورس پر حملہ ایک اہلکار ہلاک اور 5 زخمی

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں باغیوں کو کچلنے کے لیے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بٹالین231 تعینات ہے

ہلاک ہونے والے اہل کاروں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے (فوٹو : بھارتی میڈیا)

بھارت میں باغی کمیونسٹ جماعت کے جنگجوؤں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے پر حملہ کر کے ایک کانسٹیبل کو ہلاک اور 5 کو زخمی کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دانتی واڈا میں بائیں بازو کے ماؤزے تنگ سے متاثر باغیوں نے بھارت کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی 231 ویں بٹالین کے قافلے پر پہلے بارودی سرنگ کا دھماکا کیا اور بعد ازاں قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔


سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار مقامی پولیس کے ہمراہ دانتی واڈا کی کمال چیک پوسٹ جارہے تھے کہ حملے کا شکار بن گئےعلیحدگی پسند ماؤازم کے حامی باغیوں کی فائرنگ سے 1 کانسٹیبل ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

بھارت میں ماؤازم کے پرچاری جماعت کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر 22 جون 2009ء کو پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم یہ مسلح جماعت اب بھی وسائل میں اختیار اور معدنیات میں مقامی افراد کے حصے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ چھتیس گڑھ میں اس بغاوت کو کچلنے کے لیے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بٹالین 231 تعینات کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا اولاً قیام برطانوی راج میں تشکیل پایا تھا اور یہ فورس انگریز سرکار کے باغیوں کو کچلنے کے لیے استعمال کی جاتی تھی، انگریزوں کے چلے جانے کے بعد اب بھارت میں علیحدگی پسند باغیوں کا قلع قمع کرنا اسی فورس کی ذمہ داری ہے۔
Load Next Story