پنجاب ریونیو اتھارٹی ٹیکس چوری روکنے کیلیے ڈرون کے استعمال کا فیصلہ

بلیو اسکائی تھنکنگ کے تحت رئیل اسٹیٹ، وئر ہائوسز،کنسٹرکشن سیکٹر اور شادی ہالز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔


ویئر ہاوسزکے ہزاروں کنٹینرز کو مانیٹر کرکے 42 ویئر ہاوسز اور کیرج کمپنیوں کو نوٹسز بھیجے گئے،چیئرمین جاوید احمد۔ فوٹو : فائل

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس چوری روکنے کیلیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا۔

پی آر اے کے مطابق '' بلیو اسکائی تھنکنگ''کے تحت رئیل اسٹیٹ، وئر ہائوسز،کنسٹرکشن سیکٹر اور شادی ہالز کی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا۔اس ٹیکنالوجی سے ایریل میپنگ کی جائیگی جس سے تقریبات کے شرکا کی صحیح تعداد معلوم ہوسکتی ہے،اسی طرح پراپرٹی کا ایریا اور اس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین جاوید احمد نے ''ایکسپریس'' کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا آئیڈیا سابق چیئرمین ڈاکٹر راحیل صدیقی اور میرا تھا،ایسا سافٹ ویئر بنایا گیا ہے کہ جس سے ڈرون کے ذریعے ہم تقریب کے شرکا کی درست تعداد معلوم کرسکتے ہیں اور یہ کام چند منٹ میں ہوجاتا ہے۔

چیئرمین پی آر اے نے کہا کہ ویئر ہاوسزمیں رکھے گئے ہزاروں کنٹینرز کو ڈرون ٹیکنالوجی سے مانیٹر کرکے 42 ویئر ہاوسز اور کیرج کمپنیوں کو نوٹسز بھیجے گئے اور کوئی بھی اپنے ویئر ہاوس کی وسعت اور گنجائش کے حوالے سے انکار نہ کرسکا کیونکہ ڈرون کی ویڈیو کا ثبوت ناقابل تردید ہے۔

اسی طرح کنسٹرکشن سیکٹر میں ڈرون کی ایریل میپنگ سے ہمیں تعمیراتی منصوبے کی صورتحال کا بہتر اندازہ ہوجاتا ہے ، پنجاب ریونیواتھارٹی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل ادارہ بنایا جائے گا اورجس کیلیے جون 2020کی ڈیڈ لائن رکھی گئی ہے، اب تک ہم پی آراے کو 80فیصدتک ڈیجیٹلائزڈ کرچکے ہیں، ضلعی نیٹ ورک کو آئندہ سال تک مکمل کرلیں گے، 28فروری 2019تک ہم نے61ارب روپے کا ریونیواکٹھا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے