اگرپاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانی ہے تو انہیں بلاتے ہی کیوں ہیں سونونگم

فنکاروں پر پابندی لگانے سے دونوں ملکوں کے درمیان مسائل حل نہیں ہوسکتے، سونونگم


ویب ڈیسک March 19, 2019
ہم خود پاکستانی فنکاروں کو بلاتے ہیں اور پھر خود ہی ان پر پابندی لگادیتے ہیں۔ سونونگم فوٹوفائل

بھارتی گلوکار سونونگم نے اپنی ہی فلم انڈسٹری پر بھڑکتے ہوئے کہا ہے کہ جب پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانی ہے تو انہیں بلایاہی کیوں جاتا ہے۔

پچھلے کچھ عرصہ کے دوران پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے بالی ووڈ گلوکار سونونگم کا غیرجانبدار کردار سامنے آیا ہے، انہوں نے دیگر بھارتیوں کے برعکس پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کے بجائے حقائق پر مبنی بیانات دئیے ہیں جس پر انہیں بھارت میں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔ حال ہی میں سونونگم نے ایک بار پھر بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے خلاف بات کی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سونو نگم کی شرانگیزی پھیلانے پر اپنے ہی میڈیا کی چھترول

ایک ٹی وی پروگرام کے دوران جب سونونگم سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا اگر پاکستانی فنکاروں پر پابندی ہی لگانی ہے تو انہیں یہاں کام کرنے کے لیے بلایا ہی کیوں جاتاہے، ہم خود انہیں بلاتے ہیں اور پھر خود ہی ان پر پابندی لگادیتے ہیں۔

سونونگم نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے کو محدود کرنے کی ذمہ دار ہماری اپنی فلم انڈسٹری ہے۔ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ فنکاروں پر پابندی لگانے سے دونوں ملکوں کے درمیان مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سونو نگم نے مداح کا ہاتھ موڑ دیا

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سونو نگم نے پاک بھارت کشیدگی پر اپنے ہی میڈیا کے نامناسب اور اشتعال انگیز رویے پر بھڑکتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کو بڑھانے میں اہم کردار بھارتی میڈیا کے سنسنی خیز اور اشتعال انگیز رویے کا بھی ہے۔ بھارتی میڈیا نے نہایت غیر ذمہ دارانہ اور جذباتوں کو بھڑکانے والی رپورٹنگ کرکے جنگ کا ماحول بنایا اورعوام کے غصے کو ہوا دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں