امکانی بارشیں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے ایمرجنسی نافذ کردی

افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ ، اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں الرٹ رہنے کی ہدایت


Nama Nigar August 08, 2013
ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ نے کہا کہ ہیڈکواٹر چھوڑنے اور بغیر اجازت غیر حاضر رہنے والے افسران و عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ آغا شاہ نواز بابر نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعہ 9 اگست سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر کسی بھی امکانی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلع میں ایمرجنسی نافذ کرکے وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ہیڈکواٹر میں الرٹ رہنے سمیت اپنے موبائل فون کھلے رکھیں۔

ہیڈکواٹر چھوڑنے اور بغیر اجازت غیر حاضر رہنے والے افسران و عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں ضلع بدر بھی کیا جاسکتا ہے۔ دربار ہال مکلی میں امکانی بارشوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیرسے متعلق وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی سی ٹھٹھہ نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارشوں کی اطلاع کے بعد ضلعی انتظامیہ تمام سرکاری مشینری تیار رکھے اور مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے محمکمہ آبپاشی کے4 ڈویژنز کے انجنیئروں کو ہدایت کی کہ وہ دریا کے دونوں اطراف حفاظتی بندوں کے کمزور حصوں کو ہنگامی بنیادوں پر مضبوط بنائیں، وائر لیس سینٹروں کا قیام، بلڈوزرز، روشنی کے لیے جنریٹرز و دیگر مطلوبہ مشینری اور ضروری انتظامات سمیت حفاظتی بندوں کی نگرانی اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔



انہوں نے آبپاشی انجنیئروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ بچائو بندوں میں غیر قانونی نصب مشینوں اور پائپ لائنوں کی نشاندہی کرکے ایسے زمینداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس محکمہ آبپاشی سے مکمل تعاون کریں گے۔ جن نہروں اور شاخوں کی کھدائی کا کام باقی یا جاری ہے وہ بارشوں سے قبل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرکے آخری حصے تک پانی کی رسد کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے شہروں میں صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ٹی ایم اوز کو تنبیہہ کی کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں اور شہروں میں جب تک بارشوں کا جمع پانی کا نیکال، صفائی ستھرائی اور شہری علاقوں سے کچرا اٹھانے سمیت مچھروں سے بچائو کے لیے اسپرے کے کام کو تیز کریں۔ انھوں نے متعلقہ افسران کو خبردار کیا کہ کارو گھونگھڑو اور ناگن ڈورو سمیت تمام سیم نالوں کی صفائی کاکام فوری طور پر مکمل کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں